پہلے ٹی20 میچ میں ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی
جے پور ، 18؍نومبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو پہلے ٹی20 میچ میں پانچ وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔
بدھ کو جے پور میں کھیلے گئے میچ میں ہندوستان نے نیوزی لینڈ کی جانب سے دیا گیا 165 رنز کا ہدف آخری اوور کی چوتھی گیند پر حاصل کر لیا۔
سوریا کمار یادو نے سب سے زیادہ 62 رنز بنائے، انہیں ٹرینٹ بولٹ نے بولڈ کیا۔
کپتان روہت شرما 48 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر روندرا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
کیوی ٹیم کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے دو جبکہ ٹم ساؤدھی، مچل سیٹنر اور ڈیرل مچل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے۔
اوپنر مارٹن گپٹل نے 70 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، وہ دیپک چہار کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ مارک چیپ مین نے 63 رنز بنائے اور ایشون کی بال پر بولڈ ہوگئے۔
ہندوستان کی جانب سے بھونیشور کمار اور ایشون نے دو دو جبکہ دیپک چہار اور محمد سراج نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہندوستان کے سوریا کمار یادو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹی20 میچ 19 نومبر کو رانچی جبکہ تیسرا اور آخری ٹی20 میچ 21 نومبر کو کولکتہ میں کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ کیوی ٹیم کے کپتان کین ولیمسن ہندوستان کے خلاف ٹی20 سیریز کا حصہ نہیں ہیں، ان کی جگہ فاسٹ بولر ٹم ساؤدھی کپتانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
دوسری جانب وراٹ کوہلی کی جگہ روہت شرما کو ہندوستانی ٹی20 ٹیم کی کپتانی سونپی گئی ہے اور نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں انہوں نے پہلی مرتبہ کپتانی کی۔