دہلی اسمبلی انتخابات سے قبل منیش سسودیا کو عدالت سے استثنیٰ: پولیس اسٹیشن میں حاضری سے چھوٹ
نئی دہلی، 11/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)دہلی کے مبینہ شراب گھوٹالہ معاملے میں ملزم اور دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کو سپریم کورٹ سے بڑی راحت مل گئی ہے۔ سپریم کورٹ نے آبکاری پالیسی سے جڑے بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت کی شرائط میں تبدیلی کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت اب سسودیا کو ہفتے میں دو بار پولیس اسٹیشن حاضر ہونے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ تاہم، عدالت نے سسودیا کو ہدایت دی ہے کہ وہ ٹرائل کے دوران حاضر رہیں۔ چھوٹ ملنے پر سسودیا نے سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کیا ہے۔
سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد عآپ رہنما منیش سسودیا نے اپنے 'ایکس' اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ ساجھا کیا، جس میں انہوں نے لکھا ہے "معزز سپریم کورٹ کا تہہ دل سے شکریہ، جس نے ضمانت کی شرائط کو ہٹا کر راحت فراہم کی ہے۔ یہ فیصلہ نہ صرف عدلیہ پر میرے یقین کو مزید مضبوط کرتا ہے بلکہ ہمارے آئنی اقدار کی مضبوطی کو بھی ظاہر کرتا ہے۔ میں ہمیشہ عدلیہ اور آئین کے تئیں اپنے فرائض کا احترام کرتا رہوں گا۔"
عدالت کے فیصلہ کے پہلے تک منیش سسودیا کو ہر پیر اور جمعرات کو صبح میں پولیس اسٹیشن جانا ہوتا تھا۔ ایسا نہیں کرنے پر ان کے خلاف کارروائی بھی ہو سکتی تھی۔ عدالت کا یہ فیصلہ دہلی اسمبلی انتخابات سے قبل سسودیا کے لیے راحت کی بات ہے۔ واضح ہو کہ منیش سسودیا فروری 2023 سے اگست 2024 تک جیل میں رہے تھے۔ اگست مہینے میں انہیں کچھ شرائظ کے ساتھ ضمانت دی گئی تھی۔