بھٹکل 8 / فروری (ایس او نیوز) کرناٹکا اسٹیٹ سنی اسٹوڈنٹس فیڈریشن (ایس ایس ایف) کی جانب سے بھٹکل تعلقہ اسٹیڈیم المعروف وائی ایم ایس اے میدان میں آج جمعہ سے تین روزہ سالانہ ادبی میلہ منعقد کیا جا رہا ہے۔ یہ میلہ کل 10 فروری اور 11 فروری کوبھی جاری رہے گا۔
پریس کانفرنس کا انعقاد کرتے ہوئےایس ایس کے ریاستی صدر حافظ سفیان سقافی الحکمی نے بتایا کہ اس میلہ کا مقصد با صلاحیت طالب علموں کو عوامی سطح پر متعارف کرانا اور طالب علموں کے اندر ادبی دلچسپی پیدا کرنا ہے۔ مزید بتایا کہ ہونہار بچوں کو معاشرے میں متعارف کروانے اور طلباء میں ادبی ذوق پیدا کرنے کے لیے ایس ایس ایف نے پہلے ہی یونٹ، سیکٹر، ڈویژن اور ضلعی سطح کے مقابلے کامیابی سے کرائے ہیں جس میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے 26 اضلاع کے ہونہار طلبہ ریاستی سطح کے مقابلہ میں حصہ لیں گے۔ مقابلہ آٹھ مرحلوں میں ہوگا جس کے لئے 120 مختلف اقسام کے مقابلے ہوں گے اور ریاست کے مختلف حصوں سے 1500 ہنرمند طلبہ اس میں حصہ لیں گے۔
اس میلے کا آغاز آج جمعہ کے دن دوپہر 2 بجے بھٹکل کے اہم درگاہ میں زیارت کے ساتھ ہوگا ۔ عصر 4 بجے پرچم کشائی ہوگی اور مشہور ادیب ڈاکٹر ایچ ایس ستیہ نارائن کے ہاتھوں میلے کا افتتاح ہوگا۔ میلے کی اختتامی تقریب اتوار کے دن 12 بجے منعقد ہوگی ۔
کالی کٹ مرکز یونیورسٹی کے وائس چانسلر ایڈوکیٹ ڈاکٹر حسین ثقافی کلیدی خطاب فرمائیں گے ۔ کرناٹکا اسمبلی اسپیکر یو ٹی قادر، وزیر منکال وئیدیا، سید علوی بخاری اور دیگر معززین میلے میں شرکت کریں گے ۔ کرناٹکا مسلم جماعت کے ریاستی صدر مشہور عالم دین ڈاکٹر محمد فاضل رضوی کے ہاتھوں اس سال کے ایوارڈ تقسیم کیے جائیں گے۔
پریس کانفرنس میں ادبی میلہ کی استقبالیہ کمیٹی کے چیرمین سیدعلوی البخاری، ایس ایس ایف کے جنرل سکریٹری محمد صفوان، کنوینراستقبالیہ کمیٹی بھٹکل کنوینرعارف سعدی، کے کے اشرف، عبدالمجید کوڈگو، مُنیر احمد وغیرہ موجود تھے۔