’فلائنگ سکھ‘ ملکھا سنگھ کا 91 برس کی عمر میں انتقال، کورونا سے متاثر تھے
نئی دہلی، 19؍ جون (ایس او نیوز؍ایجنسی) ہندوستان کے عظیم ایتھلیٹ ملکھا سنگھ کا 91 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ ملکھا سنگھ کچھ دن پہلے کورونا سے متاثر ہوئے تھے اور اسپتال میں داخل تھے۔ ان کی کورونا رپورٹ نگیٹیو آ چکی تھی لیکن گزشتہ رات ان کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی۔ انہیں تیز بخار تھا اور ان کا آکسیجن لیول بھی کافی گر گیا تھا۔ ملکھا سنگھ کے بیٹے نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے والد کی موت کی تصدیق کی ہے۔
خیال رہے کہ 5 روز قبل ہی ملکھا سنگھ کی اہلیہ اور ہندوستانی والی بال ٹیم کی سابق کپتان نرمل کور بھی انتقال کر گئیں تھیں۔ وہ کورونا سے متاثر تھیں اور انہوں نے اتوار کی شام 4 بجے آخری سانس لی۔ ان کی آخری رسومات اتوار کے روز چنڈی گڑھ میں ادا کی گئیں۔
ملکھا سنگھ 1935 میں پیدا ہوئے تھے۔ انہیں ’دی فلائنگ سکھ‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ سابق ایتھلیٹ نے پہلے ہندوستانی فوج اور پھر ہندوستان کی نمائندگی کی اور کئی بین الاقوامی مقابلوں اور اولمپکس میں بھی حصہ لیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے ملکھا سنگھ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹئوٹ کیا، ’’ہم نے ایک عظیم کھلاڑی کو کھو دیا ہے۔ ہندوستاینوں کے دل میں ملکھا سنگھ کے لئے خاص مقام تھا۔ انہوں نے اپنی شخصیت سے لوگوں کا راہ دکھائی تھی۔ میں ان کے انتقال سے بہت دکھی ہوں۔‘‘
واضح رہے کہ ملکھا سنگھ کی کووڈ رپورٹ بدھ کے روز نگیٹیو آئی تھی، جس کے بعد انہیں کووڈ آئی یو سے عام آئی سی یو میں منتقل کر دیا گیا تھا۔ لیکن جمعرات کو ان کی طبیعت کافی بگڑ گئی۔ اسی ہفتہ ان کی 85 سالہ اہلیہ نرمل کور کا بھی انتقال ہوا ہے۔ ملکھا سنگھ اس وقت پی جی آئی اسپتال کے آئی سی یو میں داخل تھے اور اپنی اہلیہ کی آخری رسومات میں شامل نہیں ہو سکے۔