برطانیہ میں شدید سردی: برفباری کے باعث سڑکیں جام، ٹرین سروس معطل، 200 سے زائد اسکول بند
لندن، 20/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)برطانیہ میں موسم ایک بار پھر خراب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، کیونکہ محکمہ موسمیات نے کئی علاقوں میں شدید برفباری اور برفانی حالات کی وارننگ جاری کی ہے۔ شمالی انگلینڈ، شمالی آئرلینڈ اور شمالی اسکاٹ لینڈ کے علاقوں میں یلو وارننگ دی گئی ہے، اور کچھ مقامات پر برف کی موٹائی 20 سینٹی میٹر تک پہنچنے کا امکان ہے۔ اس پیش گوئی کے بعد شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے اور غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔
گاڑیوں کو نقل و حرکت میں کافی مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ کئی ریلوے سروسز بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ نیشنل ہائی وے نے شمال مشرق اور شمال مغرب کے کچھ علاقوں میں 10 سے 15 سینٹی میٹر برف پڑنے کی وارننگ دی ہے۔ برفباری کے باعث کئی شاہراہیں بند ہو گئی ہیں جس سے ٹریفک میں مشکلات کا سامنا ہے۔
اس خراب موسمی صورتحال کے باعث ملک بھر میں 200 سے زائدا سکول بند کر دیے گئے ہیں۔ ویلز میں 141، ویسٹ مڈلینڈز میں 50، اسکاٹ لینڈ میں 11 اور ڈربی شائر میں 19 اسکول بند کیے گئے ہیں، جس کی وجہ سے بچوں کی تعلیم بھی متاثر ہوئی ہے۔ جنوبی ویلز میں بھی برف باری اور برفیلی سطح کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔
اس بار اسکاٹ لینڈ میں سردی نے 1998 کے بعد سب سے زیادہ سردی کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ برفباری اور سردی نے ملک کے کئی علاقوں کو راتوں رات سفید چادر میں تبدیل کر دیا ہے جس کے باعث لوگوں کو شدید سردی کا سامنا ہے۔