جدہ، 23/فروری(ایس او نیوز/ایجنسی) منگل کی رات مدینہ منورہ سے تقریبا150کلومیٹر کی دوری پر پیش آنے والے ایک حادثہ میں چھ ہندوستانی زائرین عمرہ سمیت آٹھ لوگوں کی موت ہو گئی جب وہ بس جس میں وہ مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ جا رہے تھے سامنے جا رہے ایک ٹریلر میں گھس گئی۔اس المنا ک حادثہ میں دیگر 20مسافر زخمی بھی ہوئے ہیں اور ان کو قریبی اسپتالوں میں علاج کے لئے داخل کروایا گیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ اس حادثہ میں جا ں بحق ہونے والے زائرین میں سے چار کا تعلق رائچور ضلع کے لنگسوگور تعلقہ سے ہے اور دوکلبرگی ضلع سے۔ مارے گئے افراد کی شناخت لنگسوگور کے شافد حسین سلاد، بی بی جان سلاد،س راج بیگم سلاد اور شفا سلاد کلبرگی سے محمد زین الدین اور ریحانہ بیگم کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سعودی عرب کے ہلال احمر کے حکام نے زخمیوں کو مدینہ منورہ کے اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔ ہندوستانی قونصل خانہ کے افسروں نے حادثہ میں مارے گئے افراد کے افراد خانہ سے رابطہ قائم کیا ہے۔
کلبرگی کے این آر آئیز کی ایک تنظیم گلبرگہ این آر آئیز سوسائٹی کے رضاکاروں نے ان زائرین سے رابطہ کیا اور جاں بحق ہونے والوں کی تدفین میں مقامی حکام کے ساتھ شامل رہے اور اس سلسلہ میں قانونی کارروائی کا ساتھ دیا۔بتایا جاتا ہے کہ دیگر دو مہلوکین میں اس بس کا ڈرائیور اور ٹور گروپ کا باورچی شامل ہے-