سرسی - کمٹہ ہائی وےتین ماہ کے لئے بند - عوام کو اختیار کرنا ہوگا متبادل راستہ
سرسی ،28 / نومبر (ایس او نیوز) سرسی اور کمٹہ کے ساتھ گھاٹ والے علاقوں کو جوڑنے والا نیشنل ہائی وے 766E کے توسیعی کام کے پیش نظر 2 دسمبر 2024 سے 25 فروری 2025 تک ٹریفک کے لئے مکمل طور پر بند رہے گا ۔ اس دوران ضلع انتظامیہ نے عوام کو متبادل راستہ اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے ۔
پچھلے کچھ عرصے سے اس ہائی وے کو ٹریفک کے لئے بند کرنے کا مسئلہ جاری ہے، ایک طرف ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا ہائی وے کو بند کرنے کی مخالفت کررہے تھے تو دوسری طرف سرسی اور کمٹہ اراکین اسمبلی بند کرنے حمایت کررہے تھے۔ اس سے پہلے سابق ضلع ڈپٹی کمشنر گنگو بائی مانکر نے ہائی وے کو بند کرنے کے احکام جاری کیے تو کمٹہ اور سرسی کے درمیان کاروبار، ذاتی کام اور تعلیمی سرگرمیوں کے لئے سفر کرنے والے عوام نے انہیں درپیش مشکلات کی دہائی دیتے ہوئے اس کی مخالفت کی اور ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا نے بھی سڑک کو بند نہ کرتے ہوئے توسیعی کام انجام دینے کو کہا تھا ۔ اس وجہ سے ڈی سی نے اپنا حکم واپس لیا تھا ۔
ادھر سرسی کے ایم ایل اے بھیمنّا نائک، رکن پارلیمان وشویشورا ہیگڑے کاگیری اور کمٹہ کے رکن اسمبلی دینکر شیٹی نے ہائی وے کو بند کرکے توسیعی کام مکمل کرنے کی حمایت جاری رکھی تو منکال وئیدیا نے اس مسئلے سے لاتعلقی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ لوگ ایسا ہی چاہتے ہیں تو پھر مجھے کوئی اعتراض نہیں ہے ۔ بس عوامی مفاد کو سامنے رکھ کر توسیع کا کام کیا جائے ۔
ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ ایم نارائین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 2 دسمبر سے 25 فروری تک یہ سڑ ک ٹریفک کے لئے مکمل طور پر بند رہے گی ۔ اس لئے عوام کو آمد و رفت کے لئے ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا کی ہدایات کے مطابق متبادل راستہ اختیار کرنا ہوگا ۔
متبادل راستہ کونسا ہے ؟ :
1۔ کمٹہ اور سرسی کے درمیان چھوٹی موٹر گاڑیوں کے لئے سداپور نیشنل ہائی وے 766Eسے گزرنے کی اجازت رہے گی ۔
2۔ انکولہ اور سرسی کے درمیان یلاپور نیشنل ہائی وے 63 اور نیشنل ہائی وے 93 تمام قسم کی موٹر گاڑیوں کے لئے کھلا رہے گا ۔
3۔ منگلورو - ہوناور - سرسی کے درمیان سداپور - ماوین گونڈی کے راستے پر تمام موٹر گاڑیاں چلائی جا سکیں گی ۔