نونہال سینٹرل اسکول کے زیراہتمام بھٹکل انڈر 17 والی بال ٹورنامنٹ: شیو شانتیکا اسکول فاتح، سونارکری رنر اپ
بھٹکل 7/ڈسمبر (ایس او نیوز):نونہال سینٹرل اسکول کے زیراہتمام منعقدہ بھٹکل انڈر 17 والی بال ٹورنامنٹ میں شیو شانتیکا سرکاری اسکول نے فائنل میں سونارکیری سرکاری اسکول کو 0-2 سے شکست دے کر نونہال ٹرافی اور 4444 روپے کا انعام حاصل کیا۔ دوسری جانب، سونارکیری اسکول نے رنر اپ کا اعزاز حاصل کرتے ہوئے ٹرافی کے ساتھ 2222 روپے انعامی رقم حاصل کی۔
یہ دو روزہ ٹورنامنٹ جمعرات اور جمعہ کو منعقد ہوا، جس میں تعلقہ کی آٹھ ٹیموں، بشمول اسلامیہ اینگلو اُردو ہائی اسکول، نیو شمس اسکول، علی پبلک اسکول، سونارکیری اسکول، نونہال سینٹرل اسکول (اے اور بی)، جامعہ اسلامیہ، اور شیو شانتیکا اسکول نے حصہ لیا۔ بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے اسلامیہ اینگلو اُردو ہائی اسکول، نیو شمس اسکول، شیو شانتیکا اسکول، اور سونارکیری اسکول سیمی فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئیں۔
پہلے سیمی فائنل میں، سونارکیری اسکول نے ایک سنسنی خیز مقابلے میں اسلامیہ اینگلو اُردو ہائی اسکول کو شکست دی۔ دوسرے سیمی فائنل میں، شیو شانتیکا اسکول نے نیو شمس اسکول کو ہرایا اور فائنل میں جگہ بنائی۔
جمعہ کی شام کو کھیلے گئے فائنل میں شیو شانتیکا اسکول نے سونارکیری اسکول کے خلاف سخت مقابلے کے بعد فتح حاصل کی اور چیمپئن شپ کا اعزاز اپنے نام کیا۔
شیو شانتیکا اسکول کے کارتھک، جنہوں نے پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا، کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کے خطاب سے نوازا گیا۔
ٹورنامنٹ کے دوران تلک اور ونائک نے آفیشیل ریفری کی خدمات انجام دیں۔ اختتامی تقریب میں نونہال سینٹرل اسکول کے نائب چیئرمین عوف کولا اور عہدیدار عبداللہ کولا سمیت پی ای ٹیچرز، اساتذہ، اور عملہ موجود تھا۔