دہلی: شدید کہرے کے باعث ریلوے خدمات درہم برہم، متعدد ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار
نئی دہلی، 18/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی ) کہرے کی شدت سے ریلوے مسافروں کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ شمالی ہندوستان میں تقریباً 40 ٹرینیں کہرے کی لپیٹ میں ہیں، جس کے باعث کئی ٹرینیں 10 سے 20 گھنٹے تک تاخیر کا شکار ہیں۔ خاص طور پر مشرقی علاقوں کے مسافروں کو زیادہ مشکلات کا سامنا ہے۔ گھنے کہرے کے باعث حد نگاہ میں زبردست کمی آئی ہے، جبکہ رات کے وقت صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق مسافروں کی حفاظت اولین ترجیح ہے، اسی لیے ٹرینوں کو احتیاط کے ساتھ چلایا جا رہا ہے۔
آنند وِہار ٹرمینل سے اتوار دوپہر ڈیڑھ بجے چلنے والی داناپور جن سادھارن ایکسپریس تقریباً 19 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی۔ کئی دیگر ٹرینوں کی روانگی کے وقت میں بھی تبدیلی کرنی پڑی ہے۔ پانچ گھنٹے سے زیادہ تاخیر سے دہلی پہنچنے والی اہم ٹرینوں میں جئے نگر-آنند وِہار ٹرمینل اسپیشل (15 گھنٹے)، مظفر پور-آنند وِہار سپر فاسٹ اسپیشل (5 گھنٹے)، مظفرپور-آنند وِہار کلون ایکسپریس (ساڑھے چھ گھنٹے)، داناپور-آنند وِہار ٹرمینل جن سادھارن ایکسپریس (13 گھنٹے)، سی ایس ایم ٹی- فیروز پور پنجاب میل (12 گھنٹے)، دربھنگہ-نئی دہلی ہم سفر ایکسپریس (7گھنٹے)، بیگوسرائے-نئی دہلی ہم سفر ایکسپریس (8 گھنٹے)، مالدہ ٹاؤن-نئی دہلی اسپیشل (ساڑھے سات گھنٹے)، کنیا کماری شری ماتا ویشنو دیوی کٹڑا ہم ساگر ایکسپریس (20 گھنٹے)، دربھنگہ-پرانی دہلی اسیپشل (21 گھنٹے) شامل ہیں۔
تاخیر سے روانہ ہونے والی اہم ٹرینوں میں آنند وِہار ٹرمینل-دانا پور اسپیشل (11 گھنٹہ)، آنند وِہار ٹرمینل-مظفرپور کلون ایکسپریس (5 گھنٹہ)، نئی دہلی-لکھنؤ گومتی ایکسپریس (1 گھنٹہ)، نئی دہلی-دربھنگہ ہم سفر خصوصی (3 گھنٹہ)، نئی دہلی-مالدہ ٹاؤن اسپیشل (پونے سات گھنٹہ)، نئی دہلی-راجندر نگر اسپیشل (ساڑھے چار گھنٹہ)، نئی دہلی-بنارس کاشی وشوناتھ ایکسپریس (13 گھنٹہ)، حضرت نظام الدین-کُچی ویلی اسپیشل (ساڑھے چار گھنٹہ) شامل ہیں۔