چندریان ٹیم کے ایک سائنسدان بھٹکل انجمن کالج کے سابق لیکچرر، دوسرے سائنسدان نے بھٹکل سے حاصل کی تھی تعلیم
بھٹکل 24/اگست (ایس او نیوز)ہندوستانی خلائی مشن کے تحت چاند پر مشین اتارنے کا چندریان ابھیان کا تیسرا مرحلہ جو مکمل ہوا ہے اس کے منصوبے پر کام کرنے والی اسرو کی ٹیم میں شمالی کینرا سے تعلق رکھنے والے بھی دو افراد موجود ہونے کی بات معلوم ہوئی ہے ۔
کاروار سے تعلق رکھنے والے سائنس دان ڈاکٹر جگدیش چندرا ایس نائک کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ وہ بھٹکل انجمن انجینرنگ کالج میں 1997 میں لیکچرر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ ایک اور سائنسدان آکاش اشوک کے تعلق سے پتہ چلا ہے کہ اُن کا تعلق مرڈیشور سے ہے اور انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم مرڈیشور کے اقراء ہائی اسکول اور بھٹکل کے نیو انگلش ہائی اسکول سے حاصل کی ہے ۔ جبکہ انہوں نے کنداپور تعلقہ کے کوٹا ویویک جونیئر کالج سے پی یو سی کی تعلیم مکمل کی ہے ۔
ان دو کے علاوہ کمٹہ کے مرورو سے تعلق رکھنے والے پرمود ہیگڈے بھی اس ٹیم میں رہنے کی بات سوشیل میڈیا پر عام ہوگئی تھی مگر پتہ چلا ہے کہ انہیں ریٹائر ہوئے تین سال کا عرصہ گزر چکا ہے ۔ البتہ پر مود ہیگڈے نے بتایا ہے کہ اسرو کی اگلی مہم 'آدتیہ - 1' میں انہیں شامل کیا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر جگدیش ایس نائک نے کاروار کے باڈ میں واقع نیو ہائی اسکول سے اپنی اسکولی تعلیم مکمل کرنے کے بعد سولیا سے الیکٹرانکس اینڈ کمیونی کیشن میں گریجویشن کیا ہے۔ اس کے بعد منی پال انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی ، منی پال انسٹی ٹیوٹ آف کمپیوٹر سائنس میں پوسٹ گریجویشن (ایم ٹیک) کیا ہے، جس کے بعد وہ بھٹکل انجینئرنگ کالج میں بحیثیت لیکچرر کام کرچکے ہیں۔
ہندوستان کے مایہ ناز خلائی ادارہ اسرو کے ساتھ ڈاکٹر جگدیش نائک نے سیٹلائٹ لانچنگ اینڈ ڈیٹا کلیکشن کے شعبہ جات میں مختلف منصوبوں پر کام کیا ہے ۔ امیج پروسیسنگ میں انہوں نے اپنی پی ایچ ڈی کی تھیسس مکمل کی ہے ۔ فی الحال ڈاکٹر جگدیش مائکرو سافٹ :20/2 کے لئے ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر (مشن سافٹ ویئر) اور دوسرے پروجیکٹ کے لئے پروجیکٹ منیجر کے عہدے پر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
پوری دنیا کی طرف سے تحسین اور ستائش کا سبب بننے والے اسرو کے کامیاب خلائی پروجیکٹ میں ڈاکٹر جگدیش کا اہم کردار رہا ہے ۔
اسی طرح مرڈیشور کے شیٹی کیرے کے رہنے والے آکاش شیٹی 2015 سے انجینئر کے بطور اسرو میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے ہاسن کے ملیناڈو انجینئرنگ کالج سے اعلیٰ تعلیم مکمل کی ہے۔ اسرو کے چندریان ابھیان - 3 کے مون لینڈر کو جوڑنے، اس کا معائنہ کرنے اور چاند پر اترنے کے لئے روور ریمپ ڈیولپ کرنے اور آئی ایل ایس اے کو الگ کرنے کے تعلق سے کام کر رہے شعبہ میں انہوں نے اپنی خدمات انجام دی ہے۔ آکاش اشوک نے چندریان - 2 مہم میں اپنی خدمات انجام دی ہے ۔
بتاتےچلیں کہ ہندوستان نے چاند کے جنوبی قطب پر چندریان ۳؍ اُتار کر خلا کی دنیا میں تاریخ رقم کردی ہے۔ ایس سومناتھ کی قیادت میں Indian Space Research Organization یعنی اِسرو کی ٹیم چار سال سے چندریان 3 سیٹلائٹ پر کام کررہی تھی اور اس کے لئے کئی ٹیمیں الگ الگ کاموں پر مامور تھیں۔ یہاں تک کہ اِسرو کو اس کام کے دوران کووڈ-19 وبائی مرض کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ میڈیا میں آئی رپورٹوں کی مانیں تو تقریباً 1,000 انجینئرز اور سائنس دان اس کام پر لگے ہوئے تھے اور بالاخر 23/اگست 2023 کو اِسرو کی ٹیم کو کامیابی ملی اور وکرم لینڈر کامیابی کے ساتھ چاند کی سطح پر اُترنے میں کامیاب ہوگیا۔
Dynamic Duo from Uttara Kannada; Chandrayaan Team's Scientists: Bonds with Bhatkal and Murdeshwar