کرناٹک عصمت دری کیس: سپریم کورٹ نے پرجول ریونا کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی
بنگلورو، 11/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) اس سلسلے میں ریوناکے وکیل مکل رستوگی نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ "سابق جنتا دل کے رہنما کے خلاف دائر کی گئی شکایت میں عصمت دری کے الزامات کے تحت آئی پی سی کا سیکشن 376 شامل نہیں کیا گیا ہے۔" تاہم، عدالت نے ریونا کو کوئی راحت دینے سے انکار کر دیا۔ جب وکیل رستوگی نے پوچھا کہ کیا چھ ماہ بعد اپیل دائر کی جا سکتی ہے، تو عدالت نے جواب دیا کہ "ہم فی الحال اس پر کوئی تبصرہ نہیں کر سکتے۔"
یاد رہے کہ پرجول ریونا کو 31 مئی 2024 کو حراست میں لیا گیا تھا جب وہ جرمنی سے بنگلور واپس آئے تھے۔ اپریل 2024 میں ریونا کے جرمنی روانہ ہونے کے بعد، کرناٹک پولیس نے جنسی ہراسانی اور عصمت دری کے الزامات کے تحت پرجول ریونا اور ان کے والد ایچ ڈی ریونا کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ یہ ایف آئی آر پرجول ریونا کے گھر میں کام کرنے والی ایک خاتون کی شکایت پر مبنی تھی۔
اس کے بعد لوک سبھا انتخابات سے قبل متعدد خواتین کے خلاف مبینہ جنسی ہراسانی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جسے دعویٰ کیا گیا تھا کہ پرجول ریونا نے خود ریکارڈ کیا تھا۔ یہ ویڈیو انتخابات سے کچھ وقت پہلے ہی پھیلنا شروع ہوئی تھی۔ اس کے بعد مزید تین خواتین نے پرجول ریونا کے خلاف جنسی ہراسانی کے الزامات میں مقدمہ درج کرایا تھا۔
جون میں، کرناٹک پولیس نے جنسی ہراسانی کے کیس کی تفتیش کے لیے ایک خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی تھی۔ 18 مئی کو پرجول ریونا کے خلاف حراستی وارنٹ جاری کیا گیا تھا۔ اس سے قبل، پرجول ریونا کو 30 اپریل 2024 کو جنتا دل (متحدہ) سے معطل کر دیا گیا تھا۔ 21 اکتوبر 2024 کو کرناٹک ہائی کورٹ نے پرجول ریونا کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔