بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنے ’’ملک بچاؤ سنکلپ یاترا‘‘ کا بھٹکل میں استقبال ؛ 8/ اپریل کو بیلگام میں ہوگا شاندار سماویش
بھٹکل 7/ اپریل (ایس او نیوز )آئین کے تحفظ کے لیے بی جے پی کو ملک کے انتظامی کنٹرول سے بچانے کے عزم کے ساتھ شروع کی گئی ’’ملک بچاؤ سنکلپ یاترا کی ٹیم ‘‘ جیسے ہی بھٹکل پہنچی، یاترا کا بھٹکل میں پرتپاک استقبال کیا گیا۔ یہ یاترا اب بیلگام پہنچے گی جہاں8/اپریل کو ایک شاندار سماویش کا انعقاد کیا گیا ہے۔ ریاست کی مختلف ترقی پسند تنظیموں کے اراکین پر مشتمل اس ٹیم نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آئین کو اگر بچانا ہے تو پھر بی جے پی کو اقتدار سے باہر کرنا ضروری ہے۔
مینگلور اور اُڈپی ہوتے ہوئے یاترا جیسےہی جمعہ کو بھٹکل پہنچی ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ ٹیم میں موجود آر۔ ناگیش، ڈاکٹر رمیش اور بھٹکل سے وشنو دیواڈیگا نے بتایا کہ اس سماویش کا مقصد بی جے پی حکومت کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنانا اور اس ضمن میں عوامی بیداری پیدا کرنا ہے۔ آج ملک کا دستور دورا ہے پر کھڑا ہے اور یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ اگر موجودہ حکومت دوبارہ برسر اقتدار پرآتی ہے تو آئین بدل دیا جائے گا اور فسطائی طاقتیں اپنے ناپاک ارادوں میں کامیاب ہوجائیں گی۔ اس لئے ان کے عزائم کو ناکام بنانا وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے تاکہ ملک کی آئین کی حفاظت ہوسکے اور آئین کے مطابق ملک کی باگ دوڑ صحیح ہاتھوں میں جاسکے۔
لیڈران نے بتایا کہ بی جے پی نے گزشتہ 10 سال کی حکمرانی میں اپنے اصلی رنگ دکھائے ہیں۔ ملک کی حالت اتنی ابتر ہو چکی ہے کہ مہنگائی آسمان کو چھورہی ہے۔ زرعی بحران، بے روزگاری، بدعنوانی، کمپنیوں کی لوٹ مار، عام لوگوں کی بھتہ خوری، مذہبی منافرت، کرناٹک کے ساتھ ناانصافی یہ سب بی جے پی حکومت کی تخلیق ہیں۔ بی جے پی حکومت نے اس ملک کے شہیدوں کی وراثت کو داو پر لگادیا ہے۔ بی جے پی حکومت ایک ایسے آئین کو بدلنے کی تیاری کررہی ہے جو مساوات اور بقائے باہمی کی تلقین کرتا ہے، بی جے پی نے عوام کی امانت میں خیانت کی ہے۔اور عوام کے اعتماد کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔
لیڈران کے مطابق چونکہ بی جے پی کے پاس اقتدار میں واپس آنے کا کوئی ٹریک ریکارڈ نہیں ہے، اس لیے وہ ذات پات کے جھگڑوں کو بھڑکانے، مذاہب کے درمیان نفرت پیدا کرنےاور ووٹوں کو ہڑپنے کے حربے تلاش کر رہی ہے۔ آگے کہا کہ ریاست میں چونکہ کانگریس پارٹی بی جے پی کے خلاف مضبوط ہے، ہم اگلے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس پارٹی کی حمایت کرنے کے فیصلے پر پہنچے ہیں۔
بھٹکل کانگریس خواتین یونٹ کی صدر نینا نائک نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ رمیش انکولہ، جماعت اسلامی ہند کے طلحہ سدی باپا، کانگریس لیڈر ٹی ڈی۔ نائک ، میگھنا نائک ، ممتا، ناگرتنا موگیرو دیگر کئی سیکولر اراکین موجود تھے۔