ہندوستانی بلے بازوں کی شاندار کارکردگی، حیدر آباد میں بنگلہ دیش کے خلاف ٹی-20 سیریز 0-3 سے جیتنے کے ساتھ کئی ریکارڈز توڑے

Source: S.O. News Service | Published on 13th October 2024, 11:40 AM | اسپورٹس |

حیدر آباد، 13/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) بنگلہ دیش کے خلاف تین میچوں کی ٹی-20 سیریز کا آخری میچ آج ہندوستان نے حیدر آباد میں کھیلا۔ پہلے دونوں میچز میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد، ہندوستانی ٹیم نے پہلے ہی سیریز پر قبضہ کر لیا تھا۔ آج کے میچ میں ایسا محسوس ہوا جیسے سوریہ کمار یادو کی قیادت میں ٹیم صرف ریکارڈ توڑنے کے ارادے سے میدان میں اتری ہو۔ 20 اوورز کی بیٹنگ کے دوران، ہندوستانی ٹیم نے ایک، دو یا تین نہیں بلکہ درجن بھر ریکارڈز توڑ ڈالے۔ ان میں شامل ہے ٹی-20 بین الاقوامی میچوں میں پاور پلے کے دوران سب سے بڑا اسکور، 10 اوورز میں سب سے بڑا اسکور، اور کسی بھی ٹیسٹ کھیلنے والی قوم کی طرف سے ٹی-20 بین الاقوامی میچ میں سب سے زیادہ اسکور کا ریکارڈ قائم کرنا۔

آج کے میچ کی بات کی جائے تو ہندوستانی کپتان سوریہ کمار یادو نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ شروع سے ہی ہندوستانی بلے بازوں نے ظاہر کر دیا کہ وہ حیدر آباد کے میدان میں رنوں کی بارش نہیں کرنے والے، بلکہ ایسا طوفان آئے گا جو عرصۂ دراز تک یاد رکھا جائے گا۔ اس مقابلے میں ہندوستانی ٹیم نے 297 رنوں کا اسکور کھڑا کیا جو ٹی-20 بین الاقوامی میں صرف ہندوستان کا ہی سب سے بڑا اسکور نہیں ہے، بلکہ ٹیسٹ کھیلنے والی کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ اس سے زیادہ رن (314/3) صرف نیپال نے منگولیا کے خلاف 2023 میں ہانگژوؤ کے میدان پر بنائے تھے۔ جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 164 رن ہی بنا سکی۔ یعنی اسے 133 رنوں کی شکست فاش ہاتھ لگی۔

ہندوستان کی طرف سے سلامی بلے باز سنجو سیمسن کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے، کیونکہ انھوں نے 47 گیندوں پر 8 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 111 رن بنائے۔ رشاد حسین کے ایک اوور میں انھوں نے 5 چھکے بھی لگائے جو دیکھنے لائق تھے۔ سنجو نے اپنی سنچری 40 گیندوں میں مکمل کی جو کہ ہندوستان کی طرف سے ٹی-20 میں دوسری سب سے تیز اور عالمی سطح پر چوتھی سب سے تیز سنچری ہے۔ ہندوستان کی طرف سے روہت شرما نے 35 گیندوں میں سنچری بنائی تھی۔ کپتان سوریہ کمار یادو نے ابھشیک شرما (4 رن) کے آؤٹ ہونے کے بعد سیمسن کا بھرپور ساتھ دیا اور 35 گیندوں پر 5 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 75 رن بنائے۔ ان کے بعد ریان پراگ اور ہاردک پانڈیا نے بھی رنوں کے اس طوفان کو جاری رکھتے ہوئے ہندوستان کو رنوں کے پہاڑ تک پہنچا دیا۔ ہاردک نے محض 18 گیندوں پر 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 47 رنوں کا اہم تعاون کیا۔ ریان پراگ کی بات کی جائے تو انھوں نے 13 گیندوں پر 4 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 34 رن بنائے۔ رنکو سنگھ 4 گیندوں پر ایک چھکا کی مدد سے 8 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستانی ٹیم 20 اوورس میں 6 وکٹ پر 297 رن بنانے میں کامیاب ہوئی۔

بنگلہ دیش کی گیندبازی کا حشر اس بات سے پتہ چلتا ہے کہ سب سے کفایتی گیندبازی کرنے والے مہدی حسن نے 4 اوورس میں 45 رن دیے اور کوئی وکٹ بھی نہیں لیا۔ 3 وکٹ تنظیم حسین ثاقب نے ضرور حاصل کیے، لیکن انھوں نے 4 اوورس میں 66 رن لٹا دیے۔ تسکین احمد نے 4 اوورس میں 51 رن اور مستفیض الرحمن نے 4 اوورس میں 52 رن دے کر 1-1 وکٹ لیے۔ ایک وکٹ اپنا آخری ٹی-20 میچ کھیلنے والے محمود اللہ کے حصے میں گیا جنھوں نے 2 اوورس میں 26 رن دیے۔ رشاد حسین نے بھی 2 اوورس میں 46 رن خرچ کر دیے اور انھیں کوئی وکٹ بھی نہیں ملا۔

298 رنوں کے دباؤ میں بنگلہ دیش کے سلامی بلے باز پرویز حسین ایمان پہلی ہی گیند پر مینک یادو کا شکار بن گئے۔ اس کے بعد بنگلہ دیش نے تیز رفتاری سے رن بنانے کی کوشش ضرور کی، لیکن ہندوستانی گیندبازوں کے سامنے وہ زیادہ کچھ کر نہیں سکے۔ لٹن داس (25 گیندوں پر 42 رن) اور توحید ہردوئے (42 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 63 رن) ہی کچھ مزاحمت کر سکے، لیکن یہ ناکافی تھے۔ باقی کوئی بھی بلے باز 15 رن سے زیادہ نہیں بنا سکا۔ 4 کھلاڑی تو رنوں کے دوہرے ہندسہ میں پہنچے بغیر ہی آؤٹ ہو گئے۔ بڑی مشکل سے بنگلہ دیش 20 اوورس میں 7 وکٹ کے نقصان پر 164 رن بنانے میں کامیاب ہو پائی۔

ہندوستانی گیندبازی پر نظر ڈالی جائے تو سیریز میں پہلی بار ٹیم میں شامل کیے گئے اسپن گیندباز روی بشنوئی نے 4 اوورس میں 30 رن دے کر سب سے زیادہ 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مینک یادو کو 2 وکٹ ملے، انھوں نے 4 اوورس میں 32 رن دیے۔ 1-1 وکٹ واشنگٹن سندر (1 اوور میں 4 رن) اور نتیش کمار ریڈی (3 اوورس میں 31 رن) کے حصے میں آئے۔

ایک نظر اس پر بھی

ہیری بروک کا پاکستان کے خلاف شاندار ٹرپل سنچری کا کارنامہ

ہیری بروک نے جمعرات کو پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن شاندار ریکارڈ ٹرپل سنچری بنائی۔ یہ 34 سال بعد انگلینڈ کی جانب سے ٹرپل سنچری بنانے کا پہلا موقع ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ ہیری بروک ٹیسٹ کرکٹ میں ٹرپل سنچری بنانے والے انگلینڈ کے چھٹے بلے باز بھی بن گئے ہیں۔

رنکو اور ریڈی کے طوفانی کھیل سے بنگلہ دیش کو شکست، ہندوستان نے ٹی-20 سیریز جیت کر 3 نئے ریکارڈ بنائے

ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ٹی-20 میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ آج دہلی میں منعقد ہوا، جہاں رنکو سنگھ اور نتیش ریڈی کی شاندار کارکردگی نے سب کی توجہ حاصل کی۔ پہلے ٹی-20 میچ میں فتح حاصل کرنے والی ہندوستانی ٹیم نے اس میچ میں بھی کامیابی حاصل کرکے سیریز پر کنٹرول حاصل کر لیا ...

سرفراز خان کا کمال: ایرانی کپ میں ڈبل سنچری بنا کر ممبئی کے پہلے کھلاڑی بن گئے!

ہندوستان کے ہونہار نوجوان بلے باز سرفراز خان کو بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں میدان پر اترنے کا موقع بھلے ہی نہیں مل پایا، لیکن ایرانی کپ میں انھوں نے اپنی کارکردگی سے ایک بار پھر سبھی کو حیران کر دیا ہے۔ ایرانی کپ 2024 کا میچ رنجی چمپئن ممبئی اور ریسٹ آف انڈیا کے درمیان ...

سری لنکا نے 15 سال بعد نیوزی لینڈ کے خلاف تاریخی ٹیسٹ سیریز میں فتح حاصل کی

سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا اور آخری میچ گال میں کھیلا گیا۔ اس میچ میں میزبان سری لنکا نے ایک اننگز اور 154 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ میچ میں فٹ بال کھیلنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم کھیل کے چوتھے دن (29 ستمبر) اپنی دوسری اننگز میں 360 رنز تک محدود رہی۔ ...

ہندوستانی کرکٹ کے اُبھرتے ستارے مشیر خان خوفناک سڑک حادثے میں زخمی

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اُبھرتے ہوئے کھلاڑی مشیر خان ایک خوفناک سڑک حادثے میں زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب مشیر اپنے والد نوشاد خان کے ہمراہ اپنے آبائی شہر اعظم گڑھ سے لکھنؤ ایرانی کپ میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔ حادثہ اس قدر سنگین تھا کہ مشیر کی گاڑی 4 سے 5 مرتبہ پلٹ ...