ساحل آن لائن کا یوٹیوب چینل ہیک، چینل پر غیر قانونی وڈیوز آپلوڈ کرکے چینل کو بلاک کرنے کی ہورہی ہے کوشش؛ ساحل آن لائن کے ماہرین پاسورڈ واپس حاصل کرنے کی کررہے ہیں کوشش
بھٹکل 27 جولائی (ایس او نیوز) ساحل آن لائن کا مین یوٹیوب چینل دیر رات قریب دو ڈھائی بجے کسی نے ہیک کرلیا اور ہیکر نے چینل پر غیر قانونی اور Copy Rights والے وڈیوز آپ لوڈ کرنے شروع کردئے، جس کے ساتھ ہی یو ٹیوب کی طرف سے غیر قانونی وڈیوز آپ لوڈ کرنے کے نتیجے میں اس چینل کو بلاک کرنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
دیر رات سے ہی ساحل آن لائن کے ٹینکیکل ماہرین پاسورڈ کو واپس حاصل کرنے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں، لیکن دس گھنٹے گذرنے کے باوجود پاسورڈ واپس حاصل کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہوچکی ہیں۔ البتہ دیر رات کو ساحل آن لائن کے یوٹیوب چینل پر، ہیکرس نے جن وڈیوز کو آپ لوڈ کیا تھا عارضی طور پر اُن وڈیوز کو ہٹانے میں کامیابی مل گئی ہے۔ مگر جب تک چینل پر مکمل گرفت حاصل نہیں ہوتی، ہیکرس واپس کاپی رائٹس والے وڈیوز کو ساحل آن لائن چینل پر دوبارہ آپلوڈ کرنے کے امکانات ہیں اور ساحل آن لائن کے یو ٹیوب چینل کو غلط کاموں کے لئے بھی استعمال کرنے کے امکانات ہیں۔
ایسا لگتا ہے کہ جس ہیکر نے بھی ساحل آن لائن یوٹیوب چینل کو ہیک کیا ہے، اُس کا مقصد یا تو چینل کو ہمیشہ کے لئے بلاک کرنا ہے، یا پھر اس چینل کو اپنے مقاصد کے لئے استعمال کرنا ہے۔ اس تعلق سے یوٹیوب کمپنی سے رابطہ کیا گیا ہے، مگر یوٹیوب کمپنی ابھی تک اس بات کو ماننے کے لئے تیار نہیں ہے کہ ساحل آن لائن وڈیو چینل، ساحل آن لائن کا ہے، یو ٹیوب کمپنی کو ہر ممکن طریقہ سے یقین دلانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ چینل کو ہیک کیا گیا ہے، مگر کمپنی ہیک کرنے کی بات کو ماننے کے لئے تیار نہیں ہے۔ کوشش جاری ہے اور توقع ہے کہ ساحل آن لائن کے ماہرین اپنی کوشش میں کامیاب ہوں گے، قارئین سے بھی اس تعلق سے دعاوں کی درخواست ہے۔
ادارہ ساحل آن لائن اُن تمام لوگوں کا شکر گذار ہے جنہوں نے رات دیر گئے ہی فون کرکے چینل ہیک ہونے کی اطلاع پہنچائی ۔