'ڈالر کے خلاف کوئی نئی کرنسی نہیں بنائیں گے'، جئے شنکر کا ٹرمپ کی 100 فیصد ٹیرف کی وارننگ پر ردعمل
نئی دہلی، 8/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) وزیر خارجہ ایس جئے شنکر نے امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے واضح کیا کہ ہندوستان کا ڈالر کو کمزور کرنے یا اس کے خلاف کوئی نئی کرنسی بنانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ ٹرمپ نے برکس ممالک سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ڈالر کے خلاف کسی نئی کرنسی کی تشکیل یا حمایت نہ کریں۔ انہوں نے متنبہ کیا تھا کہ اگر ایسا ہوا تو وہ ان ممالک پر 100 فیصد ٹیرف عائد کرنے پر غور کریں گے۔
وزیر خارجہ ایس جئے شنکر نے قطر کے دوحہ فورم میں ایک پینل ڈسکشن میں کہا کہ مجھے واضح طور سے نہیں پتہ کہ ٹریگر کس چیز کے لیے تھا لیکن میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ ہندوستان کبھی بھی ڈی-ڈالرائزیشن میں شامل نہیں رہا ہے۔ فی الحال برکس کرنسی بنانے کی کوئی ایسی تجویز نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ برکس میں شامل ممالک کا مسئلے پر آئیڈینٹیکل پوزیشن نہیں ہے، ان کے کہنے کا مطلب ہے کہ ملکوں کی اپنی رائے ہو سکتی ہے۔
کچھ دن قبل ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے ٹروتھ سوشل ہینڈل پر ایک پوسٹ میں ان ممالک پر 100 فیصدی ٹیرف لگانے کی وارننگ دی تھی جو ڈالر کے خلاف جائیں گے۔ انہوں نے یہ واضح کرنے کو کہا تھا کہ برکس ملک یہ یقینی کرے کہ وہ ایسا کوئی قدم نہیں اٹھائیں گے جس سے ڈالر کمزور ہو اور ڈالر کو ری پلیس کرے۔
ٹرمپ نے اپنے پوسٹ میں مزید کہا تھا "ہمیں کمٹمنٹ چاہیے۔۔۔ وہ کبھی بھی کوئی نیا برکس کرنسی نہیں بنائیں گے اور کسی ایسی کرنسی کی حمایت بھی نہیں کریں گے جو طاقتور ڈالر کو ری پلیس کرے، یا نہیں تو انہیں 100 فیصد ٹیرف کا سامنا کرنا پڑے گا۔"
ڈونالڈ ٹرمپ جنوری 2025 میں دوسری بار امریکہ کے صدر کی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے اور اس سے پہلے انہوں نے ڈالر کو کمزور کرنے کا ارادہ رکھنے والے ممالک کو سخت لہجے میں وارننگ دی ہے۔ انہوں نے کہا "ایسا کرنے والے ملک امید کر سکتے ہیں کہ انہیں امریکہ کی شاندار اکنامی میں بیچنے کے لیے گڈ بائی کہنا پڑ سکتا ہے۔"