بھٹکل، یکم اکتوبر (ایس او نیوز): بھٹکل بندر روڈ پر ڈونگر پلی کے قریب واقع جنگلاتی علاقے سے ایک نامعلوم شخص کی سڑی گلی حالت میں لاش برآمد ہوئی ہے، جسے دیکھ کر بظاہر یہ خودکشی کا معاملہ لگ رہا ہے۔
عینی شاہد بکریوں کے چرواہے نے بتایا کہ وہ بکریاں چرا رہا تھا اور درخت کی ایک لکڑی توڑ رہا تھا کہ اچانک اس کی نظر قریبی درخت پر لٹکی ہوئی رسی پر پڑی۔ جب اس نے قریب سے جائزہ لیا تو معلوم ہوا کہ وہاں ایک پرانی لاش سڑی گلی حالت میں پڑی ہے۔ جسم تقریباً مکمل طور پر گل سڑ چکا تھا اور صرف کھوپڑی باقی تھی۔ چرواہے نے فوری طور پر آس پاس کے لوگوں کو اطلاع دی، جس کے بعد مقامی عوام بڑی تعداد میں موقع پر جمع ہوگئے۔
بندر جانے والی اس سڑک پر لوگ تیز رفتاری سے اپنی سواریوں کو آگے بڑھاتے ہیں۔ سڑک کے دائیں جانب مخدوم کالونی کی پہاڑی واقع ہے، جبکہ بائیں طرف ڈونگر پلی کا علاقہ شروع ہوتا ہے۔ ساحل آن لائن کے نمائندے نے موقع پر پہنچ کر دیکھا کہ درخت کی تقریباً 10 فٹ بلندی پر ایک رسی لٹکی ہوئی ہے، اور نیچے زمین پر ایک کھوپڑی پڑی ہے۔ جسم اس قدر گل چکا تھا کہ اس کی شناخت ممکن نہیں ہو سکی۔ قریب ہی ایک چپل پڑی تھی، جس سے یہ اندازہ لگایا گیا کہ لاش کسی مرد کی ہوگی۔ تاہم، لاش کی شناخت کے لیے کوئی اور نشانی موجود نہیں تھی۔
اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی اور ضروری کارروائیوں کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھٹکل سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا۔ تفتیش جاری ہے۔