معروف کنڑا ادیب یوگیش ماسٹرکی سیرت پر لکھی کتاب کابھٹکل میں رسم اجراء؛ غیر مسلموں کے جم غفیرسے محمد کُنہی کا پُراثر خطاب

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 5th November 2023, 9:51 PM | ساحلی خبریں |

بھٹکل 5/نومبر (ایس او نیوز) دنیا میں لوگوں کوصحیح راہ دکھانے اور دینِ حق کی دعوت دینے کے لیے خدا نے الگ الگ زمانے میں،دنیا کے الگ الگ ملکوں، الگ الگ حصوں اور الگ الگ زبانوں میں ایک لاکھ سے زائد پیغمبر بھیجے، ان پیغمبروں میں آخری پیغمبرحضرت محمد ﷺ ہیں۔ حضرت محمد ﷺ کا سب سے بڑا کارنامہ یہ ہے کہ پیغمبرحضرت محمد ﷺ اس دنیا سے رخصت ہوئے ١٤٠٠ سال کا عرصہ گذرچکا ہے، لیکن آج بھی وہ خدا نہیں بنے، وہ انسانوں میں پیدا ہوئے اورانسان ہی بن کر رہے۔ دنیا میں دوسو کروڑ مسلمان ہیں اور حضرت محمد ﷺ کی ذات مسلمانوٓں کو اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہے، لیکن دنیا کا کوئی بھی مسلمان حضرت محمد ﷺ کی پوجا نہیں کرتا، اُن کی عبادت نہیں کرتا۔ یہ بات جماعت اسلامی ہند کے کرناٹک سکریٹری محمد کُنہی نے کہی۔ بھٹکل میں جماعت اسلامی ہند کی طرف سے منعقدہ سیرت مہم میں مسلمانوں  کے ساتھ غیرمسلمانوں  کے ایک جم غفیر سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج ہم ایک ایسے سماج میں رہتے ہیں جہاں کوئی بھی بڑا آدمی ملتا ہے تو لوگ اُسے اپنا خدا تسلیم کرتے ہوئے اُس کی پوجا کرنا شروع کردیتے ہیں۔ کوئی بھی اچھا اور کامیاب انسان ملتا ہے تو لوگ اُس کی راہ پر چلنے اور اُس کی باتوں پر عمل کرنے کے بجائے اُس کی پوجا ہی شروع کردیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خدا کے نام پر لوگوں کو بے وقوف بنانا پہلے بھی آسان تھا، آج بھی آسان ہے۔ خدا کے نام پر آج بھی انسانوں کو دھوکہ دینا عام بات ہے۔ لیکن حضرت محمد ﷺ نے انسانوں کو سکھایا کہ خالق کون ہے اور مخلوق کون ہے۔ پیغمبر نے سکھایا کہ عبادت اور پوجا صرف خالق کی کرنی ہے، مخلوق کی نہیں۔یہی وجہ ہے کہ مسلمان اپنے نبی کی پوجا نہیں کرتے،  مسلمان صرف  اپنے پیدا کرنے والے خدا کی  عبادت کرتے ہیں۔

پروگرام میں معروف کنڑا ادیب یوگیش ماسٹر کی حضرت محمد؍ﷺ کی سیرت پر کنڑا میں لکھی کتاب ننّا اریوینا پروادی (پیغمبر میری نظر میں) کا مجلس اصلاح و تنطیم بھٹکل کے صدرعنایت اللہ شاہ بندری کے ہاتھوں اجراء کیا گیا۔ اس موقع پر کتاب کے ادیب یوگیش ماسٹربھی مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے، جنہوں نے اسلام کے تعلق سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انجمن انجیرنگ کالج کے پروفیسر آر ایس نائیک نے کتاب کے تعلق سے مُفصل معلومات فراہم کی۔

ہندو ۔مسلم گیٹ ٹوگیدر کے اس خوبصورت پروگرام کا آغاززید عرفان جوباپو کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، پروگرام کے کنوینرمحمد رضامانوی نے قران کی آیات کا کنڑا میں ترجمہ پیش کرتے ہوئے پروگرام کی نظامت بھی سنبھالی۔ مینگلور سے تشریف فرما جماعت اسلامی ہند کے زونل کنوینر سعید اسماعیل نے جماعت اسلامی کا تعارف، خدمات اورپروگرام کی غرض وغایت پر روشنی ڈالی۔ بھٹکل تعلقہ ہیلتھ آفسر ڈاکٹر سویتا کامتھ نے بھی پروگرام میں اپنےتاثرات پیش کئے۔

سیرت پرمنعقدہ تحریری مقابلے میں اول، دوم اور سوم آنے والوں سمیت دس دیگر مسابقین کو  بہترین تحریر پر تشجیعی انعامات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر بھٹکل انجمن کے دو طلبہ محی الدین اصباح کھروری اور شریاس نائیک کو بالترتیب بی کام اور بی اے میں غیر معمولی کامیابی حاصل کرنے پر شال پوشی کرتے ہوئے تہنیت کی گئی۔

جماعت اسلامی ہند بھٹکل شاخ کے امیر مولانا ایس ایم زُبیر نےکلمہ تشکر پیش کیا۔ آخر میں پروگرام میں شریک تمام حاضرین کو بہترین تواضع کے بعد رخصت کیا گیا۔

Renowned writer Yogesh Master addresses seminar on Prophet Muhammed's legacy in Bhatkal
 

ایک نظر اس پر بھی

کاروار : رکن اسمبلی ستیش سئیل کو ملی ہائی کورٹ سے راحت - نچلی عدالت کی سزا معطل - جیل سے رہائی کا راستہ ہوا صاف 

کانگریس پارٹی کے انکولہ - کاروار رکن اسمبلی ستیش سئیل کو اس وقت بڑی راحت ملی جب بیلے کیری سے لاپتہ میگنیز معاملے میں نچلی خصوصی عدالت کی ذریعہ سنائی گئی سزا کو کرناٹکا ہائی کورٹ کی ایک بینچ نے معطل کر دیا اور اسی کے ساتھ ستیش سئیل اور دیگر افراد کی ضمانت بھی منظور کر دی ۔

بھٹکل - ہوناور اسمبلی حلقے کے لئے 15 ہزار کروڑ روپے فنڈ فراہم کیا جائے گا ۔ وزیر منکال وئیدیا کا اعلان

بھٹکل - ہوناور حلقے کے رکن اسمبلی اور وزیر منکال وئیدیا نے ماروکیری میں عوامی رابطے کے اجلاس میں کہا کہ گزشتہ مرتبہ جب میں رکن اسمبلی بنا تھا تو میں نے اپنے حلقے کے لئے 1500 کروڑ روپے فنڈ فراہم کیا تھا ۔ اب جبکہ میں وزیر بنا ہوں تو اپنے حلقے کے لئے 15 ہزار کروڑ روپے فنڈ لانے کی کوشش ...

بھٹکل میں ریت سپلائی بحال کرنے کا مطالبہ لے کر زبردست احتجاجی مظاہرہ؛ ہنگامہ آرائی کے دوران اے سی کو سونپا گیا میمورنڈم

بھٹکل میں گذشتہ چھ ماہ سے ریت کی سپلائی بند ہونے کے خلاف مختلف تعمیراتی اداروں کے ذمہ داران اور تعمیراتی  کاموں کے مزدوروں نے آج بدھ کو بھٹکل میں زبردست احتجاج کیا اور ریت سپلائی بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔

کاروار: اُترکنڑا ضلع انتظامیہ نے کسانوں کے لئے کیا چاول خریداری رجسٹریشن مراکز کا آغاز

موجودہ مانسون سیزن کے دوران، ضلع ڈپٹی کمشنر کے. لکشمی پریا نے فوڈ ڈپارٹمنٹ کے اہلکاروں کو ہدایت دی کہ وہ ضلع کے کسانوں سے چاول کی خریداری کے لئے کم از کم معاون قیمت (ایم ایس پی) اسکیم کے تحت رجسٹریشن مراکز قائم کریں۔