بھٹکل میں ریلائنس کمپنی کی کولڈ ڈرنک 'کمپا کولا' ڈسٹری بیوشن شاپ کا افتتاح؛ پورے اُتر کنڑا ضلع میں ہوگی سپلائی
بھٹکل، 30 اکتوبر (ایس او نیوز): تعلقہ کے جامعہ آباد روڈ پر مدینہ کالونی میں زام ڈسٹری بیوٹرس کا افتتاح قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالرب خطیبی ندوی کی دعا کے ساتھ عمل میں آیا۔ ضلع اُترکنڑا میں زام ڈسٹری بیوٹرس کو ریلائنس کمپنی کی کولڈ ڈرنک کمپا کولا کا ڈسٹری بیوشن دیا گیا ہے۔ اس موقع پر مولانا نے کمپنی کے مالکان ظہیراحمد مُلّا، عُبادہ حسن مُلّا اور آفتاب حسین دامودی کو مبارکباد دی اور انہیں تجارت میں ایمانداری، اللہ کی اطاعت اور اصولوں کی پاسداری کے ساتھ کامیابی کی دُعا دی۔
بتاتے چلیں کہ کوکا کولا اور پیپسی کو ٹکر دینے کے لیے ریلائنس انڈسٹریز (آر آئی ایل) نے اگست 2022 میں پیور ڈرنکس گروپ سے 22 کروڑ روپے میں کمپا کولا کا حصول کیا تھا۔ مارچ 2023 میں اسے تین ذائقوں (کولا، اورینج، اور لیموں) میں دوبارہ لانچ کیا گیا۔ ابتدائی طور پر یہ برانڈ آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں متعارف کرایا گیا اور اب اسے مرحلہ وار ملک بھر میں پھیلایا جا رہا ہے۔
ریلائنس، کمپا کولا کو دیسی پروڈکٹ کے طور پر بھی فروغ دے رہی ہے اور اپنے ریٹیل نیٹ ورک، جس میں ریلائنس فریش، ریلائنس اسمارٹ اور جیو مارٹ شامل ہیں، کا استعمال کر رہی ہے تاکہ اسے مضبوط پلیٹ فارم فراہم کیا جا سکے۔ جارحانہ مارکیٹنگ اور کم قیمت پر دستیابی کے ذریعے، ریلائنس نے اسے عوام کے لیے ایک مناسب متبادل کے طور پر پیش کیا ہے، خاص طور پر جب دنیا بھر میں اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم جاری ہے۔ ریلائنس کا منصوبہ ہے کہ کمپا کولا کو ایشیا کے دیگر ممالک اور افریقہ تک پھیلایا جائے۔
ضلع اُترکنڑا میں بھٹکل کی زام کمپنی کو اس برانڈ کا ڈسٹری بیوشن ملا ہے۔ زام کمپنی نے 27 اکتوبر کو سرسی (ہبلی روڈ) میں سرسی کے رکن اسمبلی بھیمنّا نائک کے ہاتھوں پہلے ڈسٹری بیوشن سینٹر کا افتتاح کیا، اور آج 30 اکتوبر کو بھٹکل میں بھی ایک سینٹر کا افتتاح کیا گیا۔
کمپنی کے تعلق سے مزید معلومات دیتے ہوئے آفتاب دامودی نے بتایا کہ بھٹکل سمیت ضلع کے مختلف مالز، ہوٹلز اور دکانوں کو کمپا کولا کی سپلائی کی جائے گی۔ شادی بیاہ یا تقریبات کے موقع پر عوام اگر بڑی تعداد میں کولڈ ڈرنک خریدنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو انہیں ہول سیل قیمت پر سپلائی فراہم کی جائے گی۔
مزید تفصیلات کے لیے آفتاب دامودی سے موبائل نمبر 9095585584 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔