برطانیہ میں نئی کابینہ کی تشکیل، ریچل ریوز پہلی خاتون وزیر خزانہ بن گئیں، ہندوستانی نژاد لیسا نندی کو وزیر ثقافت بنایاگیا

Source: S.O. News Service | Published on 7th July 2024, 1:31 PM | عالمی خبریں |

لندن، 7/جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) نو منتخب برطانوی وزیر اعظم کئیر اسٹارمر نے سنیچر کو اپنی کابینہ کو حتمی شکل دینا شروع کردیا جس کے تحت انہوں  نے ریچل ریوز کو وزارت خزانہ دینے کافیصلہ کیا ہے وہ برطانیہ کی پہلی خاتون وزیر خزانہ ہوں گی۔ ان کے علاوہ ہندوستانی نژاد لیڈر لیسا نندی کو وزارت ثقافت کا قلمدان سونپا گیاہے۔ اس کے ساتھ ہی اینجلا رائینر کو نائب وزیر اعظم کا عہدہ سونپ دیا گیا ہے جبکہ ڈیوڈ لیمے برطانیہ کے نئے وزیر خارجہ ہوں گے۔ جان ہیلے کووزیر دفاع مقرر کیا گیا ہے جبکہ پاکستانی نژاد شبانہ محمود کو وزیر انصاف بنا یا گیاہے۔ یوویٹ کُوپر برطانیہ کے نئے وزیر داخلہ ہوں گی، بریجٹ فلپسن کو وزیر تعلیم اور ویس اسٹریٹنگ کو وزیر صحت مقرر کیا گیا ہے۔ نئی کابینہ میں ایڈ ملی بینڈ کو وزارتِ توانائی سونپی گئی ہے۔ برطانیہ کے نئے وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمے نے بطور وزیر اپنے ابتدائی بیان میں غزہ میں فوری جنگ بندی کی کوششوں کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ 

واضح رہے کہ برطانیہ کے عام انتخابات میں کامیابی کے بعد شاہ چارلس کی جانب سے لیبر لیڈر کئیر اسٹارمر کو حکومت بنانے کی دعوت دیدی گئی ہے۔ عام انتخابات میں کنزرویٹو پارٹی ۱۲۱؍  سیٹوں  پر سمٹ گئی ہے جبکہ لیبر پارٹی کو ۴۷۱؍ نشستوں پر کامیابی ملی ہے۔ برطانیہ میں  حکومت سازی کیلئے ۶۵۰؍رکنی ایوان نمائندگان میں۳۲۶؍سیٹوں پر کامیابی کی ضرورت ہوتی ہے۔ 

وزیر اعظم اور سربراہ لیبرپارٹی کیئر اسٹارمر کی جانب سے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلا بڑا فیصلہروانڈا منصوبہ ترک کرنے کا آیا ہے۔ برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کئیر اسٹامر نے روانڈا منصوبے کو ختم کردیا ہے جو ٹوری حکومت نے تیار کیاتھا۔ اس کے تحت تارکین وطن کو روانڈا ڈی پورٹ کیا جانا تھا۔ 

 برطانوی میڈیا کے مطابق روانڈا اسکیم بورس جانسن نے شروع کی تھی جسے لزٹرس اور رشی سونک نے جاری رکھا۔ برطانیہ روانڈا اسکیم پر۲۷۰؍ ملین پاؤنڈز خرچ کرچکا ہے۔ اب لیبر حکومت نے نیا بارڈر سیکریٹی کنٹرول سسٹم متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ جمعہ کو کامیابی حاصل کرنے کے بعد لیبرپارٹی کے سربراہ کیئر اسٹارمر نے اعلان کیاتھا کہ عوام نے ووٹ دیکر صورتحال بدل دی ہے۔ انہوں  نے اعتراف کیا کہ ’’اتنے بڑے مینڈیٹ کے ساتھ بڑی ذمہ داری بھی عوام نے دی ہے، ووٹرز نے تبدیلی کے لئے ووٹ دیا۔ ‘‘ اُنہو ں نے کہا کہ’’ہم تبدیلی لانے کیلئے فوری اقدامات کرینگے۔ ‘‘ کیئر اسٹارمر کا کہنا تھا کہ لیبرپارٹی بدل چکی ہے یہ طرز عمل ہماری حکومت میں بھی نظر آئیگا، ہم عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ ‘‘

 برطانیہ کے نو منتخب وزیراعظم کئیر اسٹارمر نے۴۵؍ سالہ ریچل ریوز کو ملک کا وزیر خزانہ مقرر کیا ہے۔ شطرنج کی چائلڈ چیمپئن اور بینک آف انگلینڈ کی اکانومسٹ ریچل ریوز برطانوی سیاسی تاریخ میں پہلی خاتون وزیر خزانہ ہیں۔ 

  ریچل ریوز کے والدین ٹیچر تھے اور ریچل ریوز نے صرف۱۴؍ برس کی عمر میں برطانیہ کی شطرنج چیمپئن بننے کا اعزاز اپنےنام کیا تھا۔ انہوں نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے فلاسفی، سیاسیات اور معیشت میں تعلیم حاصل کی اور پھر لندن اسکول آف اکنامکس سے ماسٹرز کی ڈگری مکمل کی۔ گریجویشن کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد ریچل ریوز نے ایک دہائی تک بینک آف انگلینڈ میں بطور اکنامسٹ خدمات انجام دی ہیں۔ 

  برطانیہ کے نئے وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمے نے بطور وزیر اپنے ابتدائی بیان میں غزہ میں فوری جنگ بندی کی کوششوں کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ ان کا یہ بیان جمعہ کے روز سامنے آیا ہے۔ واضح  رہے کہ لیبر پارٹی نے پارلیمانی الیکشن میں  غیر معمولی کامیابی حاصل کی ہے مگر اسرائیل کی حمایت کی وجہ سے اسے مسلم اکثریتی حلقوں  میں   نقصان اٹھانا پرا ہے۔ پارٹی ۵؍ مسلم اکثریتی حلقوں   میں  سے ۴؍ میں  آزاد امیدوار سے ہار گئی جبکہ ایک میں  آزاد امیدوار کو ملنے والے ووٹوں کی وجہ سے کنزروٹیوپارٹی کو کامیابی ملی ہے۔ 

ایک نظر اس پر بھی

بنگلہ دیش کی جلاوطن سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری

بنگلہ دیشی عدالت نے بنگلہ دیش کی جلاوطن سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا ہے، جنہیں اگست میں ملک گیر طلبہ احتجاج کے بعد اقتدار سے ہٹا دیا گیا تھا، اس بات کی اطلاع خبر رساں ادارے اے ایف پی نے جمعرات کو دی۔

امریکہ: نیویارک اسٹاک ایکسچینج کے باہر جنگ مخالف مظاہرہ کرنے والے یہودیوں میں سے 200 افراد گرفتار

امریکہ کے نیویارک اسٹاک ایکسچینج کے باہر غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف جاری نسل کشی کے خلاف احتجاج کرنے والے 200 سے زائد یہودی مظاہرین کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ مظاہرین امریکہ سے اسرائیل کی غزہ پر جارحیت کی حمایت ختم کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ ان میں سے زیادہ تر کا تعلق "یہودی ...

اسرائیلی فوج کی غزہ کے جبالیہ کیمپ پر بمباری، 30 فلسطینی شہری ہلاک

اسرائیلی فورسز نے رات کی تاریکی میں غزہ کے جبالیہ کیمپ پر بمباری کی، جس کے نتیجے میں 30 فلسطینی شہری جاں بحق ہو گئے۔ اس حملے میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ یہ واقعہ علاقے میں جاری کشیدگی کے درمیان پیش آیا، جس نے مقامی آبادی میں مزید خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔

اسرائیل کی حزب اللہ کو ختم کرنے کی تیاری، آئی ڈی ایف نے لبنان کے متعدد علاقوں کو خالی کرایا، بڑی کارروائی کا خدشہ

اسرائیل نے غزہ کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے، جہاں 40,000 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور ایک بڑا علاقہ برباد ہو چکا ہے۔ اسرائیلی حملے ابھی بھی جاری ہیں، اور جنوبی لبنان میں بھی صورت حال ایسی ہی ہے۔ اسرائیلی فوج نے کچھ دن قبل لبنان کے جنوبی حصے میں رہائش پذیر لوگوں کو اس علاقے کو ...

حزب اللہ کے اسرائیل پر 230 راکٹ حملے، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں اضافہ

حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے جب حزب اللہ نے لبنان کے جنوبی علاقوں سے اسرائیل پر تقریباً 230 راکٹ داغے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق ان حملوں کے جواب میں اسرائیل نے حزب اللہ کے ٹھکانوں پر شدید فضائی اور زمینی کارروائیاں کیں تاکہ شمالی اسرائیل کے ...