ٹمکور میں تحفظِ شریعت و اوقاف جلسہ عام ،برادران ملت سے شرکت کی گزارش
ٹمکور، 13/نومبر (ایس او نیوز /عبدالحلیم منصور) آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ ضلع شاخ کے زیر اہتمام تحفظِ شریعت اور تحفظِ اوقاف سے متعلق ضلعی سطح کا عظیم الشان جلسہ عام 14 نومبر بروز جمعرات کو منعقد ہوگا۔ یہ پروگرام شہر کے رنگ روڈ پر واقع معروف مقام اسٹار پیالیس کنونشن ہال کے میدان میں بعد نماز عصر شروع ہوگا، جس میں مختلف مکاتب فکر کے علما، مشائخ اور سرکردہ شخصیات شرکت کریں گی۔بنگلور میں منعقد ہونے والے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے اجلاس کے پیشِ نظر ریاست کے مختلف اضلاع میں اسی طرح کے اجلاس منعقد ہورہے ہیں، جس میں تمام مکاتب فکرکے احباب شامل ہونگے، اور شریعت اور اوقاف پر ہونے والے حملوں کے خلاف متحدہ طور پر بیداری کا مظاہرہ کریں گے،اس جلسے کا مقصد عوام میں اوقاف اور شریعت کے تحفظ کے حوالے سے بیداری پیدا کرنا اور معاشرتی اتحاد کو مضبوط کرنا ہے۔ ضلع کے قاضی شریعت مولانا شیخ محمود رشادی کی سرپرستی میں منعقد ہونے والے اس جلسے میں جامع مسجد بنگلور سٹی کے خطیبِ و امام مولانا مقصود عمران رشادی، صدر جمعیت علماء کرناٹک مفتی افتخار احمد قاسمی، صدر اہل سنت الجماعت مولانا تنویر پیراں ہاشمی، اور کنڑا کے معروف صحافی بدرالدین کے سمیت دیگر اکابرین کے خطابات ہوں گے۔ پروگرام کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں، جس میں ضلع کے مختلف حصوں سے برادران ملت شرکت کرنے والے ہیں ۔یہ پروگرام تمام اہلِ ایمان کے لئے کھلا ہے، اور منتظمین نے شرکت کی اپیل کی ہے تاکہ اس اہم تحریک کو کامیاب بنایا جا سکے۔