وائناڈ ضمنی انتخاب: بی جے پی کی سیاست کے خلاف پرینکا گاندھی کا عزم، عوامی حقوق کے تحفظ کا وعدہ
وائناڈ، 6/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی ) کانگریس کی جنرل سیکرٹری پرینکا گاندھی نے وائناڈ کے چروکوڈ میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی حکومت کی پالیسیوں اور بی جے پی کی تقسیم کی سیاست پر سخت تنقید کی۔ اپنے خطاب کا آغاز کرتے ہوئے انہوں نے وائناڈ کے عوام کا شکریہ ادا کیا کہ وہ انہیں محبت اور عزت دے رہے ہیں۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ وائناڈ کی ثقافت اور روایات ہندوستان کی اصل اقدار کی عکاسی کرتی ہیں، جہاں تمام مذاہب کے لوگ باہمی اتحاد کے ساتھ رہتے ہیں۔
پرینکا نے کہا کہ بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں گزشتہ دس برسوں میں ملک میں تقسیم اور نفرت کا بیانیہ بڑھایا گیا ہے، جس کا مقصد عوام کو الجھا کر اصل مسائل سے توجہ ہٹانا ہے۔ بی جے پی نے عوامی مسائل جیسے کہ مہنگائی، بے روزگاری، اور اقتصادی مشکلات کو پس پشت ڈال دیا ہے، جس سے عام لوگ مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے خواتین کے حقوق کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ خواتین ہمیشہ سماج کو جوڑ کر رکھنے کا کردار ادا کرتی ہیں اور ان کے لئے مسائل مزید بڑھے ہیں۔
پرینکا نے کسانوں کے مسائل پر بھی بات کی اور کہا کہ کسانوں کو ان کی فصلوں کا مناسب معاوضہ نہیں ملتا اور نہ ہی ان کے نقصان کی تلافی ہوتی ہے۔ انہوں نے وائناڈ میں زراعت کی صلاحیت پر زور دیا اور کہا کہ یہاں کی پیداوار جیسا کہ ناریل، ربڑ، اور مسالے دیگر علاقوں سے منفرد ہیں لیکن حکومت کی غلط پالیسیوں نے زراعت کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ حکومت بڑے صنعتکاروں کے قرض معاف کرتی ہے لیکن کسانوں کے لئے کوئی رعایت نہیں دیتی۔
پرینکا نے وائناڈ کے نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لئے کھیلوں کی ترقی پر بھی بات کی اور کہا کہ یہاں کے نوجوان خصوصاً فٹبال میں بہترین صلاحیت رکھتے ہیں اور ان کے لئے اسپورٹس کی سہولیات میں بہتری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے بھائی راہل گاندھی کی طرح عوام کے مسائل کے حل کے لئے پارلیمنٹ سے لے کر سڑکوں تک جدوجہد کریں گی۔
اپنے خطاب کے آخر میں انہوں نے کہا کہ وہ عوام کے مسائل کو اپنی ذمہ داری سمجھتی ہیں اور خواتین کے حقوق کے لئے بھی آواز بلند کریں گی۔ انہوں نے وائناڈ کے لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ ہر ممکن کوشش کریں گی کہ عوام کو انصاف اور حقوق حاصل ہوں۔