بیلگاوی: پنچم سالی لنگایتوں کا احتجاج پرتشدد، سورنا سودھا کے باہر پولیس لاٹھی چارج، جئے مرتینجیا سوامی اور یتنال گرفتار
بیلگاوی،11/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) پنچم سالی لنگایت طبقے کے مطالبے پر زمرہ 2A کے تحت ریزرویشن دینے کے لیے منگل کے روز بیلگاوی کے سورنا سودھا کے سامنے احتجاج ہوا، جو پرتشدد شکل اختیار کر گیا۔ احتجاج کرنے والے لوگ پتھراؤ پراتر گئے جس کے بعد پولیس کو بھیڑ کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کرنا پڑا۔ پنچم سالی لنگایت طبقے کے مذہبی رہنما مرتینجیا سوامی کی قیادت میں ہونے والے اس احتجاج میں بی جے پی کے رکن اسمبلی بسوان گوڑا پاٹل یتنال سمیت چند ریاستی وزرا بھی شریک ہوئے۔
تاہم سورنا سودھا سے کچھ دوری پر احتجاج کرنے والے احتجاجیوں کی بھیڑ نے سورنا سودھا میں داخل ہو کر احتجاج کرنے کی کوشش کی جن کو روکھنے کی کوشش میں حالات بے قابو ہوگئے۔ مشتعل ہجوم نے پولیس اور دیگر سرکاری محکموں کی متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچایا ۔ اس ہجوم کو قابو میں کرنے کیلئے پولیس حکام نے لاٹھی چارج کیا جس سے حالات اور زیادہ بگڑ گئے۔ اس پرتشدد احتجاج کی وجہ سے بنگلورو پونے شاہراہ پر کئی کلو میٹر طویل ٹرافک جام لگا گیا۔
پنچم سالی لنگا یتوں کی مانگ ہے کہ ان کو 2Aزمرے کے تحت ریزرویشن دیا جائے ۔اس کیلئے حال ہی میں جئے مرتینجیا سوامی نے وزیر اعلیٰ سدارامیا سے ملاقات کر کے مانگ کی تھی۔ اس مرحلہ میں سدرامیا نے ان کو تیقن دلایا تھا کہ ان کی مانگ پر مناسب کارروائی کی جائے گی۔ کل ہی اسمبلی میں انہوں نے اس ضمن میں سپریم کورٹ کے فیصلہ کاحوالہ دیا۔ تاہم منگل کی صبح پنچم سالی لنگایت طبقہ سے وابستہ ہزاروں افراد کا ہجوم بنگلورو پونے شاہراہ پر سورنا و دھان سودھا کے آس پاس جمع ہوگیا۔ اپنے مطالبہ کو منوانے کیلئے پر امن احتجاج کرنے کیلئے طلب کی گئی یہ میٹنگ دیکھتے ہی دیکھتے بے قابو ہوگئی۔ آئی جی پی ہتیندرا نے ہجوم کو قابو میں کرنے کیلئے لاٹھی چارج کا حکم سنایا ۔ پولیس لاٹھی چارج میں متعدد احتجاجیوں کے زخمی ہوجانے کی اطلاعات ہیں۔ احتجاج کے پرتشدد شکل اختیار کر لینے کے بعد پولیس نے جئے مرتینجیا سوامی اور بی جے پی رکن اسمبلی بسون گوڑا پاٹل کو تحویل میں لے لیا ۔
وزیر اعلی سدارامیا نے احتجاج کے دوران تشدد پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ جمہوری نظام کے تحت ہر ایک کو اپنی مانگ کیلئے احتجاج کرنے کاحق حاصل ہے لیکن اس کیلئے تشدد بر پا کرنے کی اجازت کسی کو نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پنچم سالی طبقہ کو ریزرویشن دینے کے بارے میں بات چیت کیلئے انہوں نے احتجاج رہنماؤں کو بارہا طلب لیکن وہ بات چیت کیلئے راضی نہیں ہوئے ۔