جھارکھنڈ: راہل گاندھی کا وزیراعظم مودی پر حملہ، "آئین کا مطالعہ کیا ہوتا تو نفرت نہ پھیلائی ہوتی"

Source: S.O. News Service | Published on 16th November 2024, 10:49 AM | ملکی خبریں |

رانچی، 16/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی نے جھارکھنڈ کے مختلف علاقوں میں انتخابی جلسوں سے خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم نریندر مودی نے ملک کا آئین پڑھا ہوتا تو وہ نفرت اور تشدد کو فروغ نہ دیتے اور لوگوں کو آپس میں لڑانے کی کوشش نہ کرتے۔ جھارکھنڈ کے مہرما میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے مزید کہا کہ ’’کانگریس اور انڈیا اتحاد آئین کو بچانے کے لیے کام کر رہے ہیں، جبکہ بی جے پی اور آر ایس ایس امبیڈکر کے بنائے گئے آئین کو ختم کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔‘‘

پی ایم مودی کے ذریعہ آئین کی کتاب کو ’لال کتاب‘ کہے جانے کا تذکرہ کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’نریندر مودی کہتے ہیں راہل گاندھی لال کتاب دکھا رہا ہے۔ مودی جی اس کتاب کا رنگ اہم نہیں ہے، اس میں جو لکھا ہے وہ ضروری ہے۔ اگر وزیر اعظم مودی نے اسے پڑھا ہوتا تو وہ لوگوں میں نفرت و تشدد نہیں پھیلاتے، سب کو ایک دوسرے سے نہیں لڑاتے۔‘‘

راہل گاندھی نے بی جے پی-آر ایس ایس پر بند دروازوں کے پیچھے سے آئین پر حملہ کرنے کا الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے آئین میں ہندوستان کی روح، ملک کی تاریخ، دلتوں کا احترام، پسماندوں کی شراکت داری اور کسانوں و مزدوروں کے خواب ہیں۔ پھر بھی بی جے پی-آر ایس ایس اسے مٹانا چاہتے ہیں، لیکن دنیا کی کوئی طاقت اسے مٹا نہیں سکتی۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ ’’پہلے راجہ مہاراجہ اپنی مرضی سے حکومت کرتے تھے۔ عوام کو جو بھی حقوق ملے ہیں، وہ آئین کی وجہ سے ملے ہیں۔‘‘

راہل گاندھی نے پی ایم مودی پر بڑے ارب پتیوں کے ہاتھوں میں کھیلنے کا بھی الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ نریندر مودی ارب پتیوں کی کٹھ پتلی ہیں۔ جو ارب پتی کہتے ہیں، نریندر مودی وہی کرتے ہیں۔ مودی نے غریبوں کا پیسہ چھین کر ارب پتیوں کا 16 لاکھ کروڑ روپے معاف کیا ہے۔ مہاراشٹر میں دھاراوی کی ایک لاکھ کروڑ روپے کی زمین بھی اڈانی کو سونپی جا رہی ہے۔ سچائی یہ ہے کہ مہاراشٹر میں مہاوکاس اگھاڑی کی حکومت کو زمین ہتھیانے کے لیے ہی گرایا گیا تھا۔

راہل گاندھی نے اپنی تقریر کے دوران عوام کو یاد دلایا کہ جھارکھنڈ میں بی جے پی نے پسماندہ طبقہ کا ریزرویشن 27 فیصد سے گھٹا کر 14 فیصد کر دیا تھا۔ ایک طرف نریندر مودی تقریر کرتے ہیں کہ وہ پسماندہ طبقہ سے ہیں، وہیں دوسری طرف وہ پسماندہ طبقہ کا ریزرویشن کم کر دیتے ہیں، زمین چھین لیتے ہیں، نوٹ بندی کر بے روزگار بنا دیتے ہیں۔ اس لیے جھارکھنڈ میں انڈیا اتحاد نے فیصلہ لیا ہے کہ درج فہرست قبائل کا ریزرویشن 28 فیصد، درج فہرست ذات کا ریزرویشن 12 فیصد اور او بی سی کا ریزرویشن 27 فیصد کیا جائے گا۔

ایک نظر اس پر بھی

کرناٹک میں 5 گیارنٹیوں کا نفاذ جاری، 56 ہزار کروڑ روپے کی رقم مختص

وزیر اعظم مودی اور بی جے پی لیڈروں کی جانب سے کانگریس کی قیادت والی کرناٹک حکومت کے بارے میں ’فیک نریٹو‘ پھیلانے کے خلاف اب کرناٹک کے وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور بھی میدان میں آگئے ہیں۔ انہوں نے دادر میں ریاستی کانگریس کے دفتر تلک بھون میں منعقد پریس کانفرنس کے دوران وضاحت دی ...

ہریانہ میں شدید کہرے اور آلودگی کا مسئلہ، 11 اضلاع میں آرینج الرٹ، 8 شہر خراب ہوا کی کیفیت میں شامل

ہریانہ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں شدید کہرے کی صورتحال جاری ہے، جس کا اثر عوامی زندگی پر پڑ رہا ہے اور لوگوں کو متعدد مشکلات کا سامنا ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات نے 16 نومبر تک ہریانہ میں کہرے کی شدت کو لے کر الرٹ جاری کیا ہے۔ اس دوران، جمعہ کے روز ہریانہ کے 8 شہروں سمیت ملک کے 22 ...

جھانسی اسپتال میں ہوئے آتشزدگی کی واردات میں 10 بچوں کی موت پر شدید ردعمل، ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ

اتر پردیش کے جھانسی میڈیکل کالج میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے میں 10 بچوں کی موت اور کئی کے زخمی ہونے پر سیاسی حلقوں میں شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے حکومت کی غفلت اور لاپروائی کو اس سانحے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کی، جبکہ بہوجن سماج ...

جھانسی میڈیکل کالج کے نو زائیدہ بچوں کے وارڈ میں آگ لگنے سے دس بچوں کی موت

کل رات اتر پردیش کے جھانسی میں واقع مہارانی لکشمی بائی میڈیکل کالج کے شیرخوار وارڈ میں شدید آگ لگ گئی۔ نیوز پورٹل ’اے بی پی‘ کے مطابق، جھانسی کے ڈی آئی جی کلا ندھی نیتھانی نے اس حادثے میں دس بچوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ اس واقعے میں متعدد بچے شدید زخمی ہو گئے جنہیں قریبی سپر ...

دہلی: فضائی آلودگی میں اضافے کے باعث سرکاری دفاتر کے اوقات میں تبدیلی کا فیصلہ

دہلی میں بڑھتی فضائی آلودگی کو مدنظر رکھتے ہوئے، وزیر اعلیٰ آتشی نے جمعہ کے روز راجدھانی میں سرکاری دفاتر کے نئے اوقات کا اعلان کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد گاڑیوں سے پیدا ہونے والی آلودگی پر قابو پانا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر اس فیصلے کے بارے میں معلومات ...