وقف بل تنازعہ: جے پی سی میٹنگ کا اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ نے کیا بائیکاٹ، قوانین کے مطابق کام نہ کرنے کا لگایا الزام

Source: S.O. News Service | Published on 14th October 2024, 9:42 PM | ملکی خبریں |

نئی دہلی، 14/اکتوبر (ایس او نیوز/ایجنسی) وقف (ترمیمی) بل 2024 کا جائزہ لینے کے لیے تشکیل دی گئی جے پی سی (جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی) کی میٹنگ لگاتار جاری ہے۔ آج (14 اکتوبر) بھی بی جے پی رکن پارلیمنٹ اور جے پی سی چیئرمین جگدمبیکا پال کی قیادت میں میٹنگ ہوئی جس میں خوب ہنگامہ ہوا۔ ہنگامہ اتنا زیادہ ہوا کہ اس میٹنگ کا اپوزیشن جماعتوں کے تمام اراکین پارلیمنٹ نے بائیکاٹ کر دیا۔ اپوزیشن کے اراکین پارلیمنٹ نے الزام عائد کیا کہ کمیٹی قواعد و ضوابط کے مطابق کام نہیں کر رہی ہے، جے پی سی کی کارروائی منمانے طریقے سے ہو رہی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کانگریس کے گورو گگوئی اور عمران مسعود، دراوڈ مونیتر کژگم (ڈی ایم کے) کے اے راجہ، شیو سینا (یو بی ٹی) کے اروند ساونت، آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے اسد الدین اویسی، سماجوادی پارٹی کے محب اللہ اور عام آدمی پارٹی کے سنجے سنگھ جیسے اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ جے پی سی میٹنگ سے باہر نکل گئے اور اس کارروائی کو لے کر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔ خبر رساں ایجنسی ’اے این آئی‘ نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے جس میں مذکورہ اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ میٹنگ سے باہر نکل کر آپس میں کچھ بات چیت کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

بتایا جا رہا ہے کہ کمیٹی کا اجلاس آج صبح شروع ہوا تھا اور امید کی جا رہی تھی کہ کچھ اہم نکات پر تبادلہ خیال ہوگا۔ اس میٹنگ میں جمعیۃ علماء ہند کے نمائندوں نے اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔ جمعیۃ کے بعد جب کرناٹک وقف بورڈ کے سابق چیئرمین انور نے اپنی بات رکھنی شروع کی تو کچھ ایسی باتیں کہہ دیں جس پر کچھ لوگوں کو اعتراض ہوا۔ دراصل انور نے کرناٹک کا کچھ ایشو اٹھایا اور کانگریس صدر ملکارجن کھرگے پر بھی تبصرہ کیا۔ اس وجہ سے ہنگامہ شروع ہو گیا اور اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ نے اپنی ناراضگی ظاہر کی۔ انور نے وقف املاک پر قبضے کا معاملہ اٹھایا اور پھر مبینہ طور پر غلط طریقے سے کانگریس صدر کا نام لے لیا۔ اس طرح میٹنگ کو غلط سمت میں جاتا دیکھ کر کانگریس سمیت اپوزیشن جماعتوں کے سبھی اراکین پارلیمنٹ نے میٹنگ کا بائیکاٹ کر دیا۔

شیو سینا (یو بی ٹی) کے رکن پارلیمنٹ اروند ساونت نے میٹنگ سے باہر نکلنے کے بعد نامہ نگاروں سے کہا کہ بل پر غور کر رہی پارلیمنٹ کی مشترکہ کمیٹی قواعد کے مطابق کام نہیں کر رہی ہے۔ ان کے علاوہ دیگر ارکان پالیمنٹ نے بھی الزام لگایا کہ کمیٹی کے سامنے پیش ہونے والے ایک شخص کو کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے جیسے سینئر اپوزیشن ممبر کے خلاف ذاتی الزام لگانے کی اجازت دی گئی۔ انور کا یہ تبصرہ وقف بل کے بارے میں نہیں تھا بلکہ کانگریس صدر پر ذاتی حملہ تھا۔

ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق اپوزیشن کے اراکین پارلیمنٹ نے آگے کا لائحہ عمل طے کرنے کے لئے بعد میں الگ سے ایک میٹنگ کی۔ اس میٹنگ میں کچھ اراکین پارلیمنٹ نے اس معاملہ پر لوک سبھا اسپیکر سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کی مخالفت اور بائیکاٹ کے باوجود جگدمبیکا پال کی سربراہی میں جے پی سی کی میٹنگ جاری رہی۔

ایک نظر اس پر بھی

بارہ بنکی: شرپسندوں کا مسجد پر حملہ، شکایت کے باوجود کارروائی نہ ہونے پر عوام میں غم و غصہ

اتر پردیش کے ضلع بارہ بنکی میں سلوری گواسپور علاقہ میں ہندوتوا شرپسند عناصر نے مسلمانوں کے گھروں کی املاک کے ساتھ رضا مسجد کو بھی نشانہ بنایا۔ مقامی رپورٹس کے مطابق، ۱۳ اکتوبر کو دسہرہ تہوار کے موقع پر مورتی وسرجن کے دوران کچھ شرپسند افراد دانستہً مسجد کے قریب جمع ہوئے اور ...

بہرائچ فساد معاملے پر بی ایس پی ، کانگریس اورسماجوادی کی یوگی سرکار پر تنقید

بہرائچ میں جس طرح سے فساد برپا ہوا ہے، وہ سوشل میڈیا کے ذریعہ دنیا پر پوری طرح سے عیاں ہوچکا ہے،اس کے باوجود یوگی حکومت فسادیوں پر قابو پانے کے بجائے مزاحمت اور دفاع کرنے والوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کررہی ہے۔

پرینکا گاندھی نے ’انتخابی سیاست‘ میں رکھا قدم، کانگریس نے وائناڈ لوک سبھا سیٹ سے بنایا امیدوار

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ’انتخابی سیاست‘ میں قدم رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ آج جیسے ہی کانگریس پارٹی نے کیرالہ کی وائناڈ لوک سبھا سیٹ پر ہونے والے ضمنی انتخاب کے پیش نظر پرینکا گاندھی کا نام بطور امیدوار اعلان کیا، ویسے ہی ان سوالوں پر فل اسٹاپ لگ گیا کہ وہ ...

جنوبی ہندوستان کی چار ریاستوں میں موسلادھار بارشوں کی وارننگ، تعلیمی ادارے بند، دفاتر میں گھروں سے کام کرنے کی ہدایت

ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے جنوبی ہندوستان کی متعدد ریاستوں میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ اس موسمی صورتحال کے پیش نظر کئی اضلاع میں اسکول اور کالج بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ دفاتر میں ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ تمل ناڈو، کرناٹک، پڈوچیری اور ...

یوپی، بہار اور راجستھان سمیت 15 صوبوں کی 2 پارلیمانی اور 48 اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات

الیکشن کمیشن نے منگل کے روز مہاراشٹر اور جھارکھنڈ اسمبلی کے ساتھ ہی ملک بھر میں ہونے والے ضمنی انتخابات کی تاریخوں کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ 15 صوبوں کی 48 اسمبلی سیٹوں اور 2 پارلیمانی سیٹوں پر ضمنی انتخابات کے لیے تاریخ سامنے آ گئی ہے۔