کمٹہ میں بھاری برسات کے دوران دو جگہوں پر چٹان کھسک گئی ؛ کافی مشقتوں کے بعد ٹریفک نظام کیا گیا بحال
کمٹہ، 20/جولائی (ایس او نیوز) اتر کنڑا میں موسلا دھار برسات کے نتیجے میں انکولہ تعلقہ کے شیرور میں بڑے پیمانے پر چٹان کھسکنے کا جان لیوا حادثہ پیش آنے کے بعد اب کمٹہ تعلقہ میں دو جگہوں پر چٹان کھسکنے کی واردات پیش آئی ہے۔
ایک طرف کمٹہ کے برگی نیشنل ہائی وے 66 پر بڑی چٹان کھسک جانے کی وجہ سے نیشنل ہائی وے پر ٹریفک نظام جام ہوگیا تو دوپہر ہوتے ہوتے کمٹہ سے سداپور جانے والی شاہرہ پر الورومٹھ کے قریب بھی ایک بڑی چٹان کھسک گئی ۔ جس سے کمٹہ سداپور شاہراہ مکمل طور پر بند ہوگئی ۔
حکام نے دونوں جگہوں پر فوری طور پر ملبہ ہٹانے کا کام شروع کیا، جس کے بعد برگی نیشنل ہائی وے پر سڑک کے ایک کنارے کی مٹی ہٹاکر سواریوں کو آگے بڑھنے کا راستہ دیا گیا، جبکہ الورومٹھ میں شام دیر بعد ملبہ ہٹاکر سواریوں کے لئے راستہ کھولا گیا۔
الورومٹھ میں قریب ایک کلو میٹر دور سے پہاڑی کھسک کر سڑک پر آگئی جس کو دیکھتے ہوئے مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پیدا ہوگیا تھا، بھاری برسات کے چلتے پہاڑی علاقوں میں مزید چٹان کھسکنے کے خدشات کو دیکھتے ہوئے سرکاری حکام کو عوام کو نہایت چوکس رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔