بھٹکل میں ووٹر بیداری مہم؛ سرکاری افسران نے طلبہ کے ساتھ نکالی ریلی؛ سو فیصد ووٹنگ کویقینی بنانے کی کوششیں
بھٹکل 15/اپریل (ایس او نیوز) بھٹکل میں صد فیصد ووٹنگ کا ٹارگٹ لے کر اُترکنڑاضلعی انتظامیہ، ضلع پنچایت، بھٹکل تعلقہ انتظامیہ اور تعلقہ پنچایت کے زیراہتمام بھٹکل کے سرکاری افسران نے کالج طلبہ کو ساتھ لے کر ووٹنگ بیداری مہم کے تحت شاندار ریلی نکالی اور عوام پر زور دیا کہ وہ کسی بھی صورت میں اپنی حق رائے دہی کا استعمال کریں اور اپنے ووٹوں کو ضائع ہونے نہ دیں۔
SVEEP (Systematic Voters Education and Electoral Participation program) کے تحت پیر صبح دس بجے بھٹکل تعلقہ انتظامیہ (منی ودھان سودھا) سے ریلی نکالی گئی، جو نیشنل ہائی وے سے شمس الدین سرکل ہوتے ہوئے ساگرروڈ پر گھوم کر گروسُدھیندرا کالج کے میدان پہنچ کر جلسہ میں تبدیل ہوگئی۔ریلی میں سرکاری افسران کے ساتھ ساتھ کالج کے طلبہ نے کثیر تعداد میں حصہ لیا ااور کالج میدان پہنچ کر اِس انداز میں قطار لگائی کہ اوپر سے دیکھنے پر SVEEP لکھا ہوا نظر آرہا تھا۔
بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر نیئنا کی قیادت میں بھٹکل تحصیلدار ناگراج نائیکڈ، تعلقہ پنچایت ایکزی کوٹیو آفسر پربھاکر چکن منے، بھٹکل ٹاون میونسپل چیف افسر شیوانند آلور، جالی پٹن پنچایت چیف آفسر منجپّا ، بلاک ایجوکیشن آفسر وی ڈی موگیر ودیگر کئی سرکاری اہلکار موجود تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر نئینا نے بتایا کہ اسمبلی انتخابات میں بھٹکل میں قریب 79 فیصد ووٹنگ درج کی گئی تھی، مگر آنے والے لوک سبھا انتخابات میں ہمارا ٹارگٹ بھٹکل میں سو فیصدووٹنگ کرانا ہے۔ معذور لوگوں اور بزرگ لوگوں کو سرکار کی طرف سے ووٹنگ کے لئے سہولیات فراہم کی جارہی ہے اور ایسے لوگوں کو پولنگ بوتھ آنے کی ضرورت نہیں ہے، پولنگ اہلکار خود گھر پہنچ کر ووٹنگ کرائیں گے۔ دیگر لوگوں بالخصوص نوجوان ووٹروں کو بڑھ چڑھ کر ووٹنگ میں حصہ لینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بھٹکل کے عوام پر زور دیا کہ وہ ہرحال میں ووٹ دیں اور اپنا ووٹ ضائع نہ کریں۔ یاد رہے کہ بھٹکل میں 7 مئی کو ووٹنگ ہوگی۔