اتر کنڑا کے نئے ایس پی ایم نارائن کا بھٹکل دورہ ؛ کل سے پولس ڈے کا آغاز

Source: S.O. News Service | Published on 11th July 2024, 8:40 PM | ساحلی خبریں |

بھٹکل ، 11 / جولائی (ایس او نیوز) اتر کنڑا کے نئے ایس پی ایم نارائن نے آج بھٹکل کا دورہ کیا جس کے دوران بھٹکل شہری پولیس تھانے میں محکمہ کے افسران کے ساتھ میٹنگ منعقد کی گئی ۔
    
ضلع ایس پی کی آمد پر بھٹکل پولیس تھانے میں پولیس افسران کی طرف سے سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کااستقبال کیا گیا ۔ اس دوران منعقدہ میٹنگ میں بھٹکل پولیس کی کارروائیوں، درج معاملات کی تعداد اور کیفیات کے علاوہ یہاں تعینات افسران اور اہلکاروں کی تعداد کا جائزہ لینے کے ساتھ انہوں نے بھٹکل جیسے حساس علاقے میں پولیس کارروائیوں کے مطلوبہ طریقہ کار پر روشنی ڈالی ۔  ملزمین کو تفتیش کے لئے پولیس اسٹیشن بلا کر لانے کے سلسلے میں جو قوانین اور ضوابط ہیں اس کی تفصیلات پولیس اہلکاروں کے سامنے رکھی ۔

 اس سے قبل ہوناور، کاروار اور رام نگر میں پولیس تحویل میں موت کے جو واقعات ہوئے تھے اس کی مثال پیش کرتے ہوئے ایس پی ایم نارائن نے  پولیس افسران کو تاکید کی کہ  اس طرح کے واقعات دوبارہ نہیں ہونے چاہئیں ۔ 
    
انہوں نے کہا کہ عورتوں اور بچوں پر ہونے والے ظلم کے معاملے میں زیادہ چوکسی برتنی چاہیے اور ایسے معاملات پر خصوصی توجہ دینی چاہیے ۔ جرم کے کسی بھی معاملے میں غفلت اور کوتاہی نہیں ہونی چاہیے ۔ 

ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ نے واضح کیا کہ ضلع میں ڈرگس (منشیات)، مٹکا اور کلب (جوئے بازی) جیسی غیر قانونی سرگرمیاں زیادہ ہوگئی ہیں ۔ اگر ایسی کسی سرگرمی میں پولیس والے شامل ہونے کی بات سامنے آئی تو ان کے خلاف سخت اور فیصلہ کن کارروائی کی جائے گی ۔  
    
اپنے بھٹکل دورے کے موقع پر میڈیا والوں سے بات چیت کے دوران ضلع ایس پی نارائن نے کہا کہ عوام کو نئے قوانین کی جانکاری حاصل کر لینی چاہیے ۔ 'سماجی خدمت' کے نام سے نیا قانون جاری ہوا ہے جس کے تحت بار بار چھوٹے موٹے جرائم کا ارتکاب کرنے والے  شخص کو اسے بطور سزا صفائی ستھرائی کے کام پر لگایا جائے گا ۔ 

ایم نارائن نے بتایا کہ غلط خبریں پھیلانے والوں اور سوشیل میڈیا کے ذریعے    ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف  سخت کاروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے میڈیا والوں کو تاکید کی کہ وہ تصدیق کرنے کے بعد ہی خبریں شائع کریں ، انہوں نے واضح کیا کہ  یو ٹیوب چینلس اور دیگر سوشیل میڈیا کے ذریعے ماحول خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا اور پولس   سوشل میڈیا  کی  کڑی نگرانی کررہی ہے۔
    
کل سے 'پولیس ڈے' کا آغاز : ایس پی نے بتایا کہ نوجوانوں کو منشیات کی لت اور انٹرنیٹ کے ذریعے برائیوں کا شکار ہونے سے روکنے کے علاوہ پوکسو اور دیگر قوانین کے سلسلے میں نوجوانوں میں بیداری لانے کے مقصد سے  ہر دن اسکولوں اور کالجوں میں ' پولیس ڈے' کا پروگرام منعقد کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم پولس کو عوام دوست بنانا چاہتے ہیں اور عوام کو پولس کے قریب لانا چاہتے ہیں۔
    
تنظیم کی طرف سے گلپوشی : ضلع ایس پی ایم نارائن کی بھٹکل آمد پر ان کا استقبال کرتے ہوئے مجلس اصلاح و تنظیم کے ایک وفد نے ان سے ملاقات کی اس موقع پر تنظیم  صدر جناب عنایت اللہ شاہ بندری نے ضلع اُترکنڑا کے ایس پی منتخب ہونے پر  انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے  ان کی گلپوشی کی  ۔ اس موقع پر تنظیم کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ 

ایس پی بننے کے بعد بھٹکل میں پہلی بار آمد کو دیکھتے ہوئے  دیگر عوامی نمائندوں نے بھی پولس تھانہ  پہنچ کر  ایس پی کا استقبال کرتے ہوئے ان کی گلپوشی کی ۔ 
    
اس موقع پر بھٹکل ڈی وائی ایس پی مہیش ایم کے ، شہری تھانے کے سرکل انسپکٹر گوپی کرشنا، دیہی پولیس اسٹیشن کے سرکل انسپکٹر چندن گوپال اور دیگر پولیس افسران موجود تھے ۔ 

ایک نظر اس پر بھی

بھٹکل میں آج سے گنیش تہوار شروع؛ پانچ دن تک ہوگی تقریبات؛١٦ ستمبر کو نکالا جائے گا میلادالنبیﷺ کا جلوس؛ امن و امان کے ساتھ تہوار منانے کی انتظامیہ نے کی اپیل

بھٹکل  سمیت ملک بھر میں آج سنیچر سے گنیش تہوار منایا جارہا ہے جس کی مناسبت سے تمام سرکاری اداروں اور تعلیمی اداروں میں چھٹی ڈکلیر کی گئی ہے، غیر مسلمانوں کا یہ تہوار بھٹکل میں پانچ دنوں تک جاری رہے گا، جبکہ بعض علاقوں میں یہ تہوار سات دن جبکہ مہاراشٹرا اور دیگر ریاستوں میں  ...

کیا بھٹکل پولیس اسٹیشن میں فرض شناس پولیس افسروں کے ساتھ ہو رہی ہے ناانصافی ؟

بھٹکل پولیس اسٹیشن میں ان دنوں چل رہی سیاسی دخل اندازی اور اس کی وجہ سے فرض شناس اور مخلصانہ طور پر اپنی ذمہ داری نبھانے والے افسران کو نشانہ بنا کر ان کے ساتھ کیا جا رہا سلوک اس بات کا اشارہ کر رہا ہے کہ یہاں سب کچھ ٹھیک نہیں ہے ۔

اُتر کنڑا ایس پی نارائین کی فرض شناسی غیر قانونی سرگرمیوں پر لگا رہی ہے روک

اُتر کنڑا سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ایم نارائین نے جس طرح فرض شناسی کا ثبوت دیا ہے اس سے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے اندر خوف کی لہر دوڑنے لگی ہے جس سے اُمید بندھ گئی ہے کہ ضلع میں چل رہی ایسی غیر قانونی سرگرمیوں پر جلد ہی روک لگے گی ۔

ریاستی حکومت کر رہی ہے وزارتی قلمدانوں میں رد و بدل پر غور - کیا دیشپانڈے کو وزارت ملنے کا امکان ہے ؟

ریاستی کابینہ میں رد و بدل کی سرگوشیاں سنائی دینے کے کانگریس پارٹی کی طرف سے ساتھ سینئر اراکین اسمبلی کے تعلق سے جائزہ لینے کی خبریں عام ہوگئی ہیں ۔ اسی کے ساتھ وزارت اعلیٰ کی کرسی جمائے ہوئے ہلیال کے رکن اسمبلی آر وی دیشپانڈے کو وزارتی قلمدان سونپنے کی بات زیر غور آنے کا ...