بھٹکل 11 / ستمبر (ایس او نیوز) نامدھاری جماعتوں کی طرف سے شہر میں ایک زبردست ریالی نکالی گئی جس کے دوران حکومت سے نارائن گرو کارپوریشن کرنے کے لئے فنڈ جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔
شہر کے اسارکیری میں واقع نشچل مکّی مندر کے ہال میں جمع ہونے کے بعد سے نارائن گرو سوامی کی مورتی پر پھول چڑھاتے ہوئے سفید کپڑوں اورکندھوں پر پیلی شالوں کے ساتھ تقریباً پانچ ہزار افراد پر مشتمل مرد و خواتین نے پورے نظم و ضبط کے ساتھ ریالی نکالی ۔
بھٹکل تحصیلدار تیپّے سوامی کو پیش کیے گئے میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ پسماندہ طبقات - 2a میں شامل ایڈیگا، نامدھاری، بیلّوا سمیت 26 طبقات پر مشتمل نامدھاری سماج کی آبادی کرناٹکا میں سب سے زیادہ ہے ۔ یہ سماج معاشی اور تعلیمی اعتبار سے انتہائی پسماندہ ہے ، اس لئے ایک عرصہ سے اس کی ترقی کے لئے نارائن گرو ڈیولپمنٹ کارپوریشن قائم کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے ۔ سابقہ بی جے پی حکومت نے اپنی میعاد کے آخری دور میں نارائن گرو ڈیولپمنٹ کارپوریشن قائم کرنے کے تعلق سے اعلان تو کیا تھا مگر اس کے لئے کوئی فنڈ جاری نہیں کیا ۔
میمورنڈم میں موجودہ کانگریسی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ نارائن گرو ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی پوری طرح تشکیل عمل میں لائی جائے اور اس کے لئے ایک ہزار کروڑ روپے کا فنڈ جاری کیا جائے ۔
اس موقع پر بھٹکل نامدھاری سنگھا کے صدر کرشنا نائک اسارکیری، سارداہولے نامدھاری سماج کے صدر سبرایا نائک، مختصر سبرایا جے نائک، نارائن گرو سوامی سمیتی صدر منموہن نائک، سابق ایم ایل اے سنیل نائک، سورج نائک سونی، گووند نائک، وٹھل نائک وغیرہ موجود تھے ۔