بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے نئے عہدیداران کا انتخاب؛ ابوظبی جماعت کےسرپرست مصباح فاروق بنے صدر اور معروف سماجی کارکن عتیق الرحمن مُنیری کا جنرل سکریٹری کے طورپر ہواانتخاب
بھٹکل 31اکتوبر(یس او نیوز) مرکز النوائط ابوظبی کے سرپرست اور جماعت کے سابق صدر جناب محمد فاروق مصباح بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے صدر منتخب ہوئے ہیں جبکہ بھٹکل کے معروف سماجی کارکن اور بزنس ٹائیکون جناب عتیق الرحمن مُنیری کا جنرل سکریٹری کے طور پر انتخاب عمل میں آیا ہے۔
بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے لئے عہدیداران کا انتخاب گذشتہ روز آن لائن وڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کیا گیا تھا جس میں اگلے تین سالہ میعاد کے لئے صدر، جنرل سکریٹری ، سکریٹری، محاسب اور خازن کا انتخاب عمل میں آیا۔ اس بار کونسل کے لئے تمام عہدیداران متحدہ عرب امارات میں مقیم ارکان سے منتخب ہوئے ہیں۔ صدر کا تعلق ابوظبی سے ہے تو جنرل سکریٹری دبئی میں رہائش پذیر ہیں، ان کے ساتھ ساتھ سکریٹری کے عہدہ پر مولوی مولیٰ کرانی ندوی کاانتخاب عمل میں آیا، جبکہ دبئی جماعت کے رکن آفاق نائطے محاسب کے عہدہ پر اور دبئی جماعت کے سابق جنرل سکریٹری جیلانی محتشم خازن کے عہدہ پر منتخب ہوئے ہیں۔
صدر کے عہدہ پر فائز ہونے والے 72 سالہ جناب محمد فاروق مصباح صاحب 1973 سے ابوظبی میں مقیم ہیں، اُن کا شمار ابوظبی جماعت کے فانڈروں میں ہوتا ہے، وہ قومی تعلیمی ادارہ انجمن حامئی مسلمین بھٹکل، قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل سمیت جامعہ اسلامیہ بھٹکل اور جماعت المسلمین بھٹکل سے بھی منسلک ہیں۔
جنرل سکریٹری منتخب ہونے والے دبئی کے معروف بزنس مین اور سماجی کارکن 57 سالہ عتیق الرحمن مُنیری صاحب ، جن کا کاروبار دبئی کے ساتھ ساتھ دیگر کئی ممالک میں بھی پھیلا ہوا ہے، اُس وقت عوام کی نظروں میں آگئے تھے جب کورونا لاک ڈاون کے دوران دبئی اور امارات میں پھنسے لوگوں کو دو خصوصی فلائٹ کے ذریعے انڈیا روانہ کیا تھا۔ بارہ سالوں تک سعودی عربیہ میں ملازمت کرنے کے بعدموصوف 1999 سے دبئی میں تجارت کررہے ہیں۔ آپ مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے نائب صدر، مجلس ملیہ (نوائط کالونی) کے صدرسمیت جامعہ اسلامیہ بھٹکل، جامعات الصالحات بھٹکل اور جماعت المسلمین بھٹکل سے بھی جُڑے ہوئے ہیں۔
سکریٹری کے عہدہ پر منتخب پچاس سالہ مولوی مولیٰ کرانی ندوی اس سے قبل بھی ایک میعاد کے لئے بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے سکریٹری رہ چکے ہیں، قریب بیس سالوں سے دبئی میں برسرروزگار ہیں۔ موصوف دبئی روانہ ہونے سے پہلے بھٹکل مسلم یوتھ فیدریشن میں بھی صدر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
40 سالہ محمد آفاق نائطے بھٹکل انجمن کالج سے بی کام کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد بنگلور سے ایم بی اے کرچکے ہیں، موصوف گذشتہ تیرہ سالوں سے دبئی میں برسرروزگار ہیں، اکاونٹ میں مہارت رکھنے والے آفاق فی الوقت دبئی میں قائم ایک انٹرنیشنل کمپنی میں سنیئر مینجر کے عہدہ پر فائز ہیں۔ اسی طرح 45 سالہ جیلانی محتشم جن کا خازن کے طور پر انتخاب عمل میں آیا ہے، دبئی جماعت میں مختلف عہدوں پر رہ کر کام کرچکے ہیں موصوف اپنی بہترین خدمات کے لئے عوام میں جانے جاتے ہیں۔ بھٹکل انجمن انجینرنگ کالج سے انجینرنگ مکمل کرنے کے بعد آپ پچھلے سترہ سالوں سے دبئی میں انجینئرنگ کےشعبہ سے جُڑے ہیں۔ یاد رہے کہ کورونا لاک ڈاون کے دوران جیلانی محتشم اور آفاق نائطے نے بھی دبئی اور امارات میں پھنسے لوگوں کو انڈیا روانہ کرنے کے لئے جناب عتیق الرحمن مُنیری صاحب کو اپنا بھرپور تعاون پیش کیا تھا۔
ساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے جناب عتیق الرحمن مُنیری صاحب نے اپنے عزائم کے تعلق سے بتایا کہ کورونا لاک ڈاون کے بعد دنیا بھر کے جوحالات ہیں،بالخصوص اپنے ملک کے حالات کو دیکھتے ہوئے ہماری ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں مل جل کر ، متحد ہوکر اور ایک پلیٹ فارم پر آکر ہی قوم وملت کی خدمت کرنی ہوگی، تیس بتیس سال پہلے جس مقصد کے تحت اس ادارہ کا قیام عمل میں آیا تھا، اُن خیر خواہوں کے نقش قدم پرعمل کرتے ہوئے نئے عزائم کے ساتھ اور موجودہ تیز رفتار ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کرتےہوئے ہم انشاء اللہ آگے بڑھیں گے۔ جناب مُنیری صاحب نے بتایا کہ ہمارے سامنے طبی سہولیات فراہم کرنے کا چیلنج ہے، بیرون ممالک برسرروزگار رہ کر سالہا سال تک نوکری کرنے کے باوجود کئی لوگ ایسے ہیں جو اب تک اپنا خود کا گھر تعمیر نہیں کرسکےہیں، ان کےلئے ہم کس طرح کی امداد فراہم کرسکتے ہیں، اُسے دیکھنا ہے، کورونا سے تعلیم بے حد متاثر ہوئی ہے ، بھٹکل کے نوجوانوں کو آئی اے ایس اور آئی پی ایس آفسر بنانے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنا ہے۔ اسی طرح بھٹکل کے اداروں تنظیم، انجمن، جامعہ اور ہماری دونوں جماعتوں سے روابط کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، انڈین نوائط فورم اور بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنے قومی میڈیا کو بھی مضبوط کرنے کی طرف توجہ دینی ہے۔جناب عتیق الرحمن مُنیری نے کہا کہ بھٹکل میں مرکزی زکواۃ کمیٹی قائم کرنے کابھی ہمارا پلان ہے، ساتھ ساتھ کورونا کے دوران ہونہار طلبہ کو رابطہ گولڈمیڈل ایوارڈ دینے کی تقریبات بھی نہیں ہوسکی ہے، اس تعلق سے بھی تمام جماعتوں کے تعاون اور مشوروں سے ہمیں اپنی کاروائیوں کو آگے بڑھانا ہے۔جناب منیری نے بتایا کہ ہمیں جو بھی کام کرنے ہیں اس کےلئے ہمیں تمام جماعتوں کی طرف سے تعاون ملنا ضروری ہے، تمام جماعتوں اور جماعتوں کے ذمہ داروں کا تعاون رہے گا تو انشاء اللہ ہمیں اُمید ہے کہ ہم عوام کی توقعات پر پورا اُتریں گے۔جناب مُنیری نے جناب مصباح محمد فاروق صاحب کی قیادت اور مولوی مولیٰ کرانی ، جیلانی محتشم اور آفاق نائطے جیسے فعال، سرگرم اور تجربہ کار نوجوانوں کی ٹیم کے ساتھ کام کرنے پر اسے اپنی خوش قسمتی قرار دیا اور عوام الناس سے دعا کرنے اور اپنے مفید مشوروں سے نوازنے کی اپیل کی۔
واضح رہے کہ گلف کی دس بھٹکلی جماعتوں کا مشترکہ ادارہ بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے تحت بھٹکل نوائط کالونی میں رابطہ سوسائٹی قائم ہے جس کے تحت بھٹکل میں مختلف سماجی سرگرمیاں انجام دی جاتی ہیں۔