بھٹکل،15 / جون (ایس او نیوز) بحر عرب میں سمندری طوفان کی آمد کے پیش نظر سمندر میں اچھال اور تیز لہروں کی وجہ سے انسانی جانوں کو درپیش خطرے کی وجہ سے مرڈیشور ساحل پر سیاحوں کے سمندر میں اترنے اور تیرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ مرڈیشور مندر کی سیاحت کے لئے آنے والی بھیڑ میں سے زیادہ تر افراد ساحل سمندر پر موجوں سے کھیلنے اور سمندر میں تیرنے کے لئے امڈتے ہیں اور عام دنوں میں بھی اکثر و بیشتر کسی نہ کسی سیاح کے ڈوب کر ہلاک ہونے کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔ جبکہ برسات کے موسم میں ڈوبنے کے واقعات اور ہلاکتوں میں اضافہ ہو جاتا ہے ۔
ابھی بارش کا موسم صحیح ڈھنگ سے شروع بھی نہیں ہوا ہے اور گزشتہ تین دن کے اندر سمندر میں غرقابی کی وجہ سے دو سیاحوں کی جان جاچکی ہے ۔ گزشتہ ایک مہینے کے اندر 25 سے زائد ڈوبتے ہوئے سیاحوں کو بچا لیا گیا ہے ۔
حالانکہ سیاحوں کی حفاظت کے لئے ضلع انتظامیہ کی طرف سے ساحل پر کوسٹ گارڈس تعینات کیے گئے ہیں ، جو سیاحوں کو خطرے سے آگاہ کرنے اور تیز لہروں کے ساتھ کھیلنے سے منع کرنے کی ذمہ داری نبھاتے ہیں۔ سیاحوں کو سمندر میں غرقابی کے خطرے سے آگاہ کرنے کے لئے پوسٹرس آویزاں کیے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ مقامی ماہی گیر اور پولیس اہلکار بھی سیاحوں کو سمندر میں اترنے سے باز رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ مگر سمندری لہروں کو دیکھتے ہی موج و مستی کرنے کے لئے سیاح کسی کی بھی سننے پر راضی نہیں ہوتے اور اپنی من مانی کرنے پر تُل جاتے ہیں جس کا نتیجہ اکثر جان لیوا حادثہ کی صورت میں نکلتا ہے۔
اس صورت حال کو دیکھتے ہوئے محکمہ سیاحت کے ڈپٹی ڈائریکٹر کی طرف سے بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر کو مشورہ دیا گیا تھا کہ خراب موسم میں مرڈیشور ساحل پر سیاحوں کو پانی میں اترنے سے روکنے کے اقدامات کیے جائیں۔ اس پر عمل کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر نے ساحل سمندر کی طرف جانے والے راستے پر بیرییکڈس اور بینر لگاتے ہوئے حکم جاری کیا ہے کہ اگست کے مہینے کے آخر تک یا بارش کا موسم ختم ہونے تک کسی کو بھی سمندر کے پانی میں اترنے کی اجازت نہیں ہوگی ۔ اور اگر کوئی اس حکم کی خلاف ورزی کرتا ہے تو پھر اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔