ماسکو کی جانب سے امریکی انتخابات سے متعلق جعلی ویڈیوز میں روس کے ملوث ہونے کی تردید
واشنگٹن، 3/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) روس نے سنیچر کو امریکہ کے صدارتی انتخابات کے متعلق جعلی ویڈیوز کے پیچھے کوئی کردار ہونے کے الزامات کو مسترد کردیا۔ واضح رہے کہ ایک وائرل ویڈیو میں کیریبئن ملک ہیٹی سے تعلق رکھنے والے تارکینِ وطن نے دعویٰ کیا کہ اس نے متعدد مرتبہ ووٹ دیا ہے، جس کے بعد امریکی انٹیلی جنس نے ویڈیو کو جعلی قرار دے کر اس کے پیچھے روس کا ہاتھ ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔ امریکہ کی ۳؍ انٹیلی جنس ایجنسیوں نے جمعہ کو ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ یہ ویڈیو’روسی عناصر‘ نے بنائی ہے جن کا مقصد امریکی انتخابات کی سالمیت کے متعلق بے بنیاد سوالات اٹھانا ہے۔ خفیہ ایجنسیوں نے روسی عناصر پر مزید ایک جعلی ویڈیو کو پھیلانے کا الزام لگایا۔ امریکہ کے ان الزامات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے روسی سفارت خانہ نے میسجنگ پلیٹ فارم ٹیلی گرام پر بیان میں کہا کہ ہم نے امریکی انٹیلی جنس سروسیز کا بیان دیکھا جس میں روس پر امریکہ میں انتخابی خلاف ورزیوں کے بارے میں جعلی ویڈیوز پھیلانے کا الزام لگایا گیا ہے۔ ہمارے نزدیک یہ الزامات’بے بنیاد‘ ہیں۔
۲۰ ؍سیکنڈ کی مبینہ جعلی ویڈیو کلپ میں ایک آدمی کو کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ ’’ہم ہیٹی سے تعلق رکھتے ہیں۔ ہم چھ ماہ قبل امریکہ آئے تھے اور ہمارے پاس ہماری امریکی شہریت موجود ہے۔ ہم کملا ہیرس کو ووٹ دے رہے ہیں۔ ‘‘ امریکی ریاست جارجیا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ اور ریاست کے اعلیٰ انتخابی اہلکار، بریڈ رافنسپرگر نے جمعہ کو کہا کہ یہ ویڈیو ’’بامقصد غلط معلومات‘‘کی مثال ہے۔ ظاہر ہے کہ جعلی ویڈیو ممکنہ طور پر روسی ٹرول فارمز کی بنائی ہوئی تھی۔ روسی سفارت خانہ نے کہا کہ ماسکو کو امریکی حکام سے رابطہ۔ کرنے پر ان دعوؤں کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ سفارت خانہ نے مزید کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے کئی دفعہ زور دیا ہے کہ وہ امریکی عوام کی مرضی کا احترام کرتے ہیں۔ سفارت خانہ نے روسی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ `روسی سازشوں کے بارے میں تمام تر الزامات بدنیتی پر مبنی بہتان ہیں۔