کاروار میں موبائل چارجر نے لی آٹھ ماہ کی بچی کی جان
کاروار 2/اگست (ایس او نیوز): موبائل اور موبائل چارجر کو ہمیشہ بچوں سے دور رکھنا چاہیے، ورنہ یہ بچے کی جان بھی لے سکتا ہے۔ ایسا ہی ایک المناک واقعہ کاروار کے سِدّر گاؤں میں بدھ کو پیش آیا جب آٹھ ماہ کی بچی نے زمین پر رینگتے ہوئے موبائل چارجر کا کیبل پکڑ لیا اور اسے اپنے منہ میں ڈال کر چبانے کی کوشش کی جس کے دوران اس کے جسم میں بجلی دوڑ گئی جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوگئی۔
بتایا گیا ہے کہ بچی کا والد سنتوش کلّوٹکر ہیسکام میں کام کرتا ہے، وہ اپنے کام پر چلا گیا تھا، گھر پر اس کی اہلیہ سنجنا اکیلی تھی۔ پتہ چلا ہے کہ بجلی چلی جانے کی وجہ سے سنجنا نے چارجر سے اپنا موبائل نکال دیا تھا اور چارجر کو الیکٹرک بورڈ سے لگا کر خالی چھوڑ دیا تھا اور اپنے گھر کے کام پر لگ گئی تھی۔ بچی رینگتے ہوئی چارجر کے کیبل کو اپنے منہ میں ڈال کر کھیلنے لگی۔ جس کےدوران بجلی آگئی۔
بجلی لگتے ہی معصوم بچی کو شاک لگ گیا او ر اُس نے غالباً موقع پر ہی دم توڑ دیا اور راہی جنت ہوگئی۔
کچھ دیر بعد ماں کو واردات کا پتہ چلا، اس نے بچی کی حالت دیکھ کر فورا کیبل کو منہ سے نکال دیا۔ اور اسے قریبی اسپتال لے گئی، مگر ڈاکٹر معصوم کی جان نہ بچاسکے۔
کاروار دیہی پولس تھانہ میں معاملہ درج کرلیا گیا ہے۔
Mobile Charger Claims the Life of Eight-Month-Old baby girl in Karwar