بھٹکل میں جانوروں کی تلاش میں مسلم علاقوں میں گھس کرغنڈہ گردی؛ عوام نے کی جم کر پیٹائی؛ پولس تھانہ کے باہر سنگھ پریوار کے کارکنوں کا احتجاج
بھٹکل یکم جولائی (ایس او نیوز) بھٹکل خلیفہ اسٹریٹ میں عوام کے ایک ہجوم نے تین لوگوں کی اُس وقت جم کر دھلائی کردی جب یہ لوگ شراب کے نشے میں دھت قربانی کے جانوروں کو کھوجنے کی کوشش کرتے ہوئے غنڈہ گردی کررہے تھے، واردات بدھ کی شب قریب ساڑھے بارہ بجے پیش آئی۔ واردات میں ہجوم نے ان کی کار کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے۔
اطلاع کے مطابق ایک کار پر سوار تین لوگ سلطان اسٹریٹ اور جامعہ اسٹریٹ ہوتے ہوئے جانوروں کی تلاش میں خلیفہ اسٹریٹ پہنچ گئے، شراب کے نشے میں دھت یہ لوگ عید الاضحیٰ میں قربانی کے جانوروں کو تلاش کرتے ہوئے مسلمانوں کوللکاررہے تھے کہ ہم یہاں قربانی کرنے نہیں دیں گے۔ غندہ گردی کرتے ہوئے جب یہ لوگ کسی کمپاونڈ میں داخل ہونے کی کوشش کی تو عوام کا پارہ چڑھ گیا اورپل بھر میں عوام کا ایک ہجوم جمع ہوگیا جنہوں نے تینوں کی دھلائی شروع کردی۔ بعد میں مسلم ذمہ داران جائے وقوع پر پہنچ گئے اور اِن لوگوں کو ہجوم سے بچانے کی کوشش کی اور واقعے کی اطلاع پولس کو دی، ایسے میں ہجوم اتنازیادہ بھڑک گیا تھا کہ ہجوم نے ان لوگوں کی کار کو بھی نہیں بخشا اورشدید توڑپھوڑ کرتے ہوئے کار کے شیشے توڑ ڈالے۔ مسلم ذمہ داران کی اطلاع پر پولس جائے وقوع پر پہنچی اورزخمی غنڈوں کو اپنے ساتھ تھانہ لے گئی۔ ان کی شناخت ہاڈولّی کے رہنے والے چندرکانت گونڈا، پروین شٹی اور سنتوش نائک کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
Bhatkal: Sangh Parivar Demands Action Against Attackers as Mob Assaults Three in Muslim Areas on Animal Quest
مسلم ذمہ داران نے بتایا کہ کار پرآئے ہوئے تینوں لوگ شراب کے نشے میں دھت رات قریب ساڑھے بارہ بجے مسلم علاقوں میں گھس کرغنڈہ گردی کررہے تھےاورجانوروں کو ڈھونڈنے کی کوشش کرتے ہوئےایک مکان کے اندر گھسنے کی کوشش کی تھی، جس پر لوگ بھڑک اُٹھے۔
ذمہ داران نے بتایا کہ عید الاضحیٰ کی عین رات کومسلم علاقوں میں پہنچ غنڈہ گردی کرنا مسلمانوں کو للکارنا اور کسی کے گھر کے اندر گھسنے کی کوشش کرنا کیسے جائز ہوسکتا ہے، یہی وجہ ہے کہ برہم ہجوم نے ان پر حملہ کیا۔ البتہ مسلم لیڈران نے بروقت جائے وقوع پر پہنچ کرنوجوانوں کو قابو میں کرلیا اور غنڈوں کوپولس کے حوالے کردیا۔
سنگھ پریوارکا احتجاج: واردات کے تیسرے دن آج سنیچر کو بی جے پی اورسنگھ پریوار کے کارکنوں نے بھٹکل ٹاون پولس تھانہ پہنچ کراحتجاج کیا، ان کا کہنا تھا کہ ساگرروڈ کے کُنٹوانی سے جانوروں سے بھری ایک ٹرک کو جب گئو رکھشکوں نے روکنے کی کوشش کی تو وہ بھٹکل کی طرف فرارہونے لگی، جس کا پیچھا کرتے ہوئے گئو رکشھا کے کارکن خلیفہ اسٹریٹ پہنچ گئے جہاں ایک ہجوم نے ان کی کار پرحملہ کرتے ہوئے تینوں لوگوں کی پیٹائی کی ہے، سنگھ پریوار کے کارکنوں کا الزام ہے کہ پولس نے اس تعلق سے کسی طرح کی کوئی کاروائی نہیں کی ہے۔ سنگھ پریوار کے لیڈران نے مطالبہ کیا کہ حملہ کرنے والوں کو گرفتار کیا جائے اوراُن کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔
اس تعلق سے ڈی وائی ایس پی شریکانت نے احتجاجیوں کو بتایا کہ زخمی ہونے والے تینوں لوگوں نے پولس تھانہ میں شکایت دی ہے کہ اُن کی کار کو کُنٹوانی کے قریب کسی سواری نے ٹکر ماری تھی ، جس کے بعد جب کار فرار ہورہی تھی تو ٹکر مارنے والی سواری کا پیچھا کرتے ہوئے تینوں لوگ خلیفہ اسٹریٹ پہنچے تھے، جہاں ہجوم نے ان پر حملہ کیا۔ پولس کا کہنا ہے کہ جن تین لوگوں نے شکایت دی ہے، اُس میں کہیں پر بھی جانوروں کا تذکرہ نہیں ہے۔ پولس نے احتجاجیوں کو یقین دلایا کہ وہ اگلے تین دنوں کے اندرحملہ کرنے والوں کو گرفتارکریں گے اورقانونی کاروائی کریں گے۔ پولس کی یقین دھانی کے بعد سنگھ پریوار کے کارکنوں نے اپنا احتجاج ختم کیا۔ احتجاج کرنے والوں میں گوندا نائک، شری نواس نائک، ہنومنتھ نائک، تلسی داس وغیرہ موجود تھے۔