بھٹکل - ہوناور اسمبلی حلقے کے لئے 15 ہزار کروڑ روپے فنڈ فراہم کیا جائے گا ۔ وزیر منکال وئیدیا کا اعلان
بھٹکل، 13 / نومبر (ایس او نیوز) بھٹکل - ہوناور حلقے کے رکن اسمبلی اور وزیر منکال وئیدیا نے ماروکیری میں عوامی رابطے کے اجلاس میں کہا کہ گزشتہ مرتبہ جب میں رکن اسمبلی بنا تھا تو میں نے اپنے حلقے کے لئے 1500 کروڑ روپے فنڈ فراہم کیا تھا ۔ اب جبکہ میں وزیر بنا ہوں تو اپنے حلقے کے لئے 15 ہزار کروڑ روپے فنڈ لانے کی کوشش کر رہا ہوں ۔
ماروکیری میں منعقدہ عوامی رابطہ اجلاس میں لوگوں کے مسائل سننے کے بعد انہوں نے کہا کہ اتی کرم داروں کا مسئلہ ضرور حل ہوگا ۔ کسی کو بھی جگہ خالی کروانے کا موقع نہیں دیا جائے گا ۔ بجلی سربراہی کے مسائل حل کرنے کے لئے 210kv اسٹیشن قائم کرتے ہوئے 24 گھنٹے مسلسل بجلی فراہم کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں ۔ کھیل کود کی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ اسمبلی الیکشن میں گونڈا سماج کے لئے زیادہ تر لوگ میری حمایت میں سامنے آنے کی وجہ سے میرے لئے بڑی تعداد میں ووٹ حاصل کرکے جیت درج کرنا ممکن ہوا ۔ اس سماج کے افراد پچھلے کچھ برسوں سے 'پسماندہ ذات' کی سرٹفکیٹ لئے پریشان ہیں ۔ اس مسئلے کے مستقل حل کے لئے اقدام کیا گیا ہے ۔ یہ جو مسئلہ پیدا ہوا ہے یہ کس کے دور میں اور کس کی وجہ سے ہوا، یہ بات سب کو معلوم ہے ۔ جلد ہی اس تعلق سے تمام مسائل ہو جائیں گے ۔
وزیر موصوف نے کہا کہ کچھ لوگ بے وجہ ہی میرے خلاف راستوں اور سڑک پر کھڑے ہو کر تنقید کرتے ہیں ۔ کچھ لوگ اخباری نمائندوں کے سامنے جا کر تنقید کرتے ہیں ۔ یہ لوگ خاموش رہیں گے تو ہی بہتر ہے ۔ ورنہ عوام میں ان کی جو تھوڑی بہت عزت باقی ہے وہ بھی ختم ہو جائے گی ۔
اس اجلاس میں ایک پریس رپورٹر نے اپنے علاقے کے مسائل کی فہرست تیار کرتے ہوئے ان کے حل کے لئے 3 کروڑ روپے فنڈ کی مانگ سامنے رکھی تو اپنی تقریر کے دوران وزیر منکال وئیدیا نے اس رپورٹر کی ستائش کرتے ہوئے کہا اپنے علاقے کے مسائل کا بھرپور جائزہ لے کر وزیر کے سامنے فہرست پیش کرنے والا ایسا رپورٹر ریاست ہی نہیں بلکہ پورے ملک میں نہیں ہے ۔
اجلاس کے دوران وزیر موصوف کے سامنے عوام کی طرف سے جو مسائل پیش کیے گئے ان میں ہفتہ واری سنتے مارکیٹ میں مقامی لوگوں کے بجائے دیگر مقامات سے آئے ہوئے بیوپاریوں کا زور ہونے اور مقامی افراد کو وہاں کاروبار کرنے کے لئے مناسب انتظام نہ ہونے ، مویشیوں کے لئے ایمبولینس سروس کا نظام درست نہ ہونے ، ساگر روڈ پر سڑک کنارے کچرا پھینکے جانے اور اس کی وجہ سے جنگلی سوروں کے وہاں آنے اور حادثات ہونے کے امکانات ، بار بار سرور خراب ہونے کی وجہ سے راشن کا چاول حاصل کرنے میں پیش آ رہی دشواریاں شامل تھیں جنہیں دور کرنے کی مانگ وزیر منکال وئیدیا سے کی گئی ۔