شام میں تمام ہندوستانی محفوظ، سفارت خانہ معمول کے مطابق کام کر رہا ہے: وزارت خارجہ
دمشق، 9/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)دارالحکومت دمشق میں ہندوستانی سفارت خانے کی کارروائیاں شام کی موجودہ کشیدہ صورتحال کے دوران معمول کے مطابق جاری ہیں۔ سفارت خانہ تمام ہندوستانی شہریوں کے ساتھ رابطے میں ہے اور ان کی حفاظت کو یقینی بنا رہا ہے۔ مزید یہ کہ سفارت خانہ شام کی حالیہ صورتحال کے پیش نظر شہریوں کی حفاظت کو ترجیح دے رہا ہے اور ضرورت پڑنے پر ہندوستانی شہریوں کو مدد فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابقشام میں اب تک تمام ہندوستانی شہری محفوظ بتائے جاتے ہیں۔ سفارت خانے نے تمام شہریوں سے مقامی قوانین اور حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔ ہندوستان نے شام میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کو ترجیح دینے کی حمایت کی ہے۔
شام میں جاری تشدد کے پیش نظر ہندوستان نے اپنے شہریوں کو وہاں سفر کرنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے اور شام میں رہنے والے شہریوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔ ایک ایڈوائزری میں، وزارت خارجہ نے تشدد سے متاثرہ ممالک میں رہنے والے ہندوستانیوں سے کہا کہ اگر ممکن ہو تو جلد سے جلد دستیاب فلائٹ لے کر واپس لوٹ جائیں۔
اسلامی باغیوں نے جمعرات کو ملک کے سب سے بڑے شہر حلب پر قبضہ کرنے کے بعد وسطی شام کے شہر حمص پر عملی طور پر قبضہ کر لیا۔ ہزاروں لوگ گھر چھوڑ چکے ہیں۔ ایک ایڈوائزری میں، وزارت خارجہ نے شام میں رہنے والے ہندوستانی شہریوں سے بھی کہا ہے کہ وہ دمشق میں ہندوستانی سفارت خانے سے رابطہ کریں۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ شام میں رہنے والے ہندوستانیوں کو دمشق میں ہندوستانی سفارت خانے سے ہنگامی ہیلپ لائن نمبر +963 993385973 اور ای میل آئی ڈی [email protected] پر رابطہ رکھنا چاہئے۔وزارت خارجہ نے کہا، "شام کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر، ہندوستانی شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اگلے نوٹس تک شام کا سفر کرنے سے گریز کریں۔‘‘