بھٹکل : عالمی یوم ماہی گیری کے موقع پر مرڈیشور میں منعقد ہوگا 'متسیا میلہ' - وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ ہونگے شریک
بھٹکل ،18 / نومبر (ایس او نیوز) عالمی یوم ماہی گیری کے موقع پر مرڈیشور کے گولف میدان میں 21 نومبر سے 23 نومبر تک 'متسیا میلہ' (مچھلیوں کا میلہ) منعقد ہوگا جس میں ریاست کے وزیر اعلیٰ سدا رامیا اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیو کمار سمیت کئی کابینی وزراء شرکت کریں گے ۔
مچھلیوں کے اس میلے کا افتتاح وزیر اعلیٰ سدا رامیا کے ہاتھوں ہوگا ۔ اس موقع پر ملکی اور بین الاقوامی اقسام کی مچھلیوں کی نمائش کا اہتمام کیا جائے گا جس بھی بہت ہی نادر قسم کی مچھلیاں بھی شامل رہیں گی ۔ اس کے علاوہ گھروں کے اندر پالنے لائق مچھلیوں کی نمائش اور فروخت کا بھی انتظام رہے گا ۔
اس میلے کی خصوصی دلکشی کے لئے ایک بڑی سرنگ والا ایکویریئم کا راستہ بنا کر مچھلیوں کا نظارہ کرنے کا بھی اہتمام کیا جائے گا ۔ اور ساحلی علاقے کے ماہی گیروں نے دیسی طرز پر اس پیشے کو کیسے نبھایا ہے اس کی روایت اور تاریخ کی جھلکیوں کے علاوہ ماہی گیروں کی زندگی سے متعلق تصویری نمائش بھی پیش کی جائے گی ۔ مختلف قسم کی مچھلیوں کا ذائقہ چکھنے کے لئے بھی مچھلیوں کے پکوان موجود رہیں گے ۔
وزیر برائے ماہی گیری منکال وئیدیا نے بتایا کہ یوم ماہی گیری کا مقصد صرف ایک دن منانے تک محدود نہیں ہونا چاہیے ۔ بلکہ ہمارے ساحلی علاقے کے ماہی گیروں کی زندگی، یہاں ملنے والی مچھلیوں کی مختلف اقسام اور ان کے ذائقے کے بارے میں ریاست کے عوام آگاہی ہونی چاہیے ۔ اسی مقصد سے اس میلے کو اس قدر بڑے پیمانے پر منعقد کیا جا رہا ہے جس میں ہزاروں لوگوں کی آمد متوقع ہے ۔ چونکہ خود وزیر اعلیٰ اس میلے میں شریک ہونے والے ہیں جس سے مقامی ماہی گیروں کے مسائل حل ہونے کی بھی امید ہے ۔