بھٹکل 6/ستمبر(ایس او نیوز) اُترکنڑا ضلع کے مختلف علاقوں میں دسیوں بائک چوری کرنے والے چار بین الاضلاع بائک چوروں کو منکی پولس گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے اور مبینہ چوروں کے پاس سے 15 بائک بھی برآمد کرتے ہوئے ضبط کرلی ہے۔
پولس ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق 31 اگست کی صبح منکی پولس تھانہ حدود میں گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران ایک کالے رنگ کی موٹر سائیکل جب بغیر رُکے مشکوک حالت میں فرار ہونے کی کوشش کی تو پولس نے رکاوٹ پیدا کرتے ہوئے موٹرسائیکل کو جبراً روک دیا اورپوچھ تاچھ کی توپتہ چلا کہ موٹر سائیکل چوری کی ہے۔ پولس نے بائک پر سوار دو لوگوں جیلانی ابن باشہ صاب (23) اورروی چندرا ابن شیوپأ (27) کو گرفتار کرنے کے ساتھ ہی چوری کے پورے ریکٹ کا پردہ فاش کرنے کے لئے پولس کی الگ الگ ٹیمیں ترتیب دی اورمزید دو لوگوں کو گرفتار کرتے ہوئے چوری کی ہوئی جملہ پندرہ موٹر بائک بھی برآمد کرتے ہوئے ضبط کرلیا۔
پولس نے بائک چوری کے الزام میں مزید جن دو لوگوں کو گرفتار کیا ہے اُن کی شناخت دھارواڑ ضلع کے کُندگول تعلقہ کے رہائشی سلمان امام صاب (24) اور جگدیش کوٹیپّا (20) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ ان لوگوں نے ضلع اُترکنڑا کے ساتھ ساتھ دیگر اضلاع میں بھی چوریاں کی ہیں اورپولس کی مانیں تو ملزمین نے قریب 14 موٹر بائک چوری کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔
Bhatkal: Manki Police bust inter-district bike theft racket, Recover 15 bikes and arrest four
پولس ذرائع کے مطابق گرفتارشدگان سے پولس نے مختلف علاقوں میں چوری کی گئی 15 موٹر بائکوں کو برآمد کرتے ہوئے اپنی تحویل میں لے لیا ہے جن کی مالیت قریب 8 لاکھ 35 ہزار روپیہ بتائی گئی ہے۔ پولس کے بقول چوری کی ہوئی بائکوں میں مرڈیشور، منکی اور انکولہ پولس تھانہ حدود سے چوری کی ہوئی ایک ایک بائک شامل ہیں۔ پولس کے مطابق جیلانی باشہ جواس کیس کا اہم ملزم ہے، پر کلگھٹگی سمیت ودیانگر پولس تھانہ میں بھی معاملات درج ہیں، اسی طرح جگدیش کے خلاف بینڈی گیری پولس تھانہ میں چوری کا معاملہ درج ہے۔
ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ وشنو وردھن، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سی ٹی جئے کماراور بھٹکل ڈی وائی ایس پی سری کانت کی ہدایت پربھٹکل مضافاتی پولس تھانہ کے سرکل پولس انسپکٹرچندن گوپال کی قیادت میں پولس کی مختلف ٹیمیں ترتیب دی گئی تھیں،جس میں منکی سرکل پولس انسپکٹر بھرت کمار، مشاہد احمد اورشیوکمار سمیت مرڈیشور پولس تھانہ کے اہلکاربھی تحقیقاتی ٹیم میں شامل تھے۔ جس میں کرائم برانچ کا عملہ کرن کمار ریڈی، رودریّا، لوکیش کتّی، مرلی دھر نائک، وجئے نائک، محمد شفیع (یلاپور تھانہ)، راجو گوڈا، بسون گوڈا برادر سمیت کئی دیگر عملہ بھی چوری کے اس ریکٹ کا پردہ فاش کرنے والی ٹیم میں شامل تھے۔ بائک چوروں کے اس گروہ کا پتہ لگانے اورچوری کی ہوئی بائکوں کو ضبط کرنے میں کامیابی حاصل کرنے پر اُترکنڑا ایس پی وشنووردھن سمیت پولس کے اعلیٰ حکام نے معاملے کو حل کرنے والی ٹیم میں شامل پولس عملہ کی ستائش کی ہے۔