منی پور تشدد: حالات معمول پر آنے کے بعد 9 اضلاع میں موبائل انٹرنیٹ بحال
منی پور ، 10/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) منی پور کے 9 اضلاع میں موبائل انٹرنیٹ پر عائد پابندی کو آج ختم کرنے کا اعلان کیا گیا۔ ریاستی حکومت نے 9 دسمبر کو عوام کو یہ اہم سہولت فراہم کرتے ہوئے ایک بڑا اقدام اٹھایا۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ حکم میں بتایا گیا کہ امپھال مغرب، امپھال مشرق، بشنوپور، تھوبل، کاکچنگ، جریبام، چراچندپور، کانگپوکپی اور پھیرجاول اضلاع میں موبائل انٹرنیٹ خدمات کی معطلی ختم کی جا رہی ہے۔ حکومت نے نظامِ قانون اور انٹرنیٹ خدمات کے اثرات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے۔
کمشنر (داخلہ) این اشوک کمار نے اپنے حکم میں کہا کہ ’’ریاستی حکومت نے موجودہ نظام قانون کی حالت اور انٹرنیٹ سروسز کے جنرل آپریشن کے ساتھ اس کے روابط کا تجزیہ کرنے کے بعد، منی پور کے امپھال مغرب، امپھال مشرق، بشنوپور، تھوبل، کاکچنگ، جریبام، چراچندپور، کانگپوکپی اور پھیرجاول میں انٹرنیٹ اور ڈاٹا سروسز پر جاری سبھی طرح کی عارضی پابندی کو فوری اثر سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ نومبر ماہ میں 3 خواتین اور 3 بچوں کی لاش جیری اور براک ندیوں میں ملنے کے بعد ریاست میں تشدد بڑھ گیا تھا۔ اس کے بعد حکومت نے نظام قانون برقرار رکھنے کے لیے 16 نومبر کو 9 اضلاع مین انٹرنیٹ خدمات معطل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے موبائل انٹرنیٹ پر پابندی کو کئی مرتبہ آگے بڑھایا گیا، اور اب حالات معمول پر آنے کے بعد اس پابندی کو ہٹانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔