پارلیمنٹ میں سیکورٹی کی ناکامی پر امیت شاہ سے ملیکارجن کھرگے کا سوال؛ صرف ٹی وی انٹرویو کیوں ؟ پارلیمنٹ میں جواب کیوں نہیں ؟
نئی دہلی 15/ؕدسمبر(ایس او نیوز/ایجنسی) کانگریس صدرملکارجن کھرگے نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے سوال کیا کہ وہ پارلیمنٹ سیکوریٹی کی خلاف ورزی کے معاملے میں پارلیمنٹ میں بیان کیوں نہیں دے رہے ہیں ؟ حالانکہ وہ ٹی وی چینلوں کوانٹرویو دے رہےہیں۔ کھرگے نے ممبران پارلیمان کی معطلی کے تعلق سے امیت شاہ سے سوال کیا کہ کیا سیکوریٹی معاملے پر سوال کرنے کی وجہ سے غیرقانونی طور پر ممبران پارلیمان کو معطل کرنا انصاف ہے؟اگر یہ انصاف ہے تو کس طرح کا انصاف ہے؟
کھرگے نے مزید کہا کہ آج صبح دونوں ایوانوں میں مختلف پارٹیوں کےلیڈران نے اپنے مشترکہ حکمت عملی کے تعلق سے گفتگو کرنے کیلئے میٹنگ کی تھی۔ واضح رہے کہ جمعرات کو لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی کارروائی کے دوران متعدد ممبران پارلیمان کو سیکوریٹی معاملے پر سوال قائم کرنے، احتجاج کرنے اور نعرے لگانے کی وجہ سے معطل کر دیا گیا تھا جن میں ٹی ایم سی کے رکن پارلیمان ڈیریک اوبرائن بھی شامل ہیں۔
کانگریسی صدر نے پارلیمنٹ سیکوریٹی معاملےپر امیت شاہ کے بیان نہ دینے پر کہا کہ وزیر داخلہ ٹی وی چینلوں کو انٹرویو دے رہے ہیں لیکن وہ پارلیمنٹ میں بیان دینے سے کترا رہے ہیں۔انڈیا اتحاد کا یہ مطالبہ ہے کہ وزیر داخلہ امیت شاہ کو پارلیمنٹ میں بیان دینا چاہئے اور دونوں ایوانوں میں اس معاملے پر بحث ہونی چاہئے۔
کھرگے نے اپنے ایکس پوسٹ پر لکھا کہ یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم قومی تحفظ کیلئے اس مسئلے کیلئے اپنی آواز بلند کریں اور یہ ہمارا پارلیمانی فرض ہے۔کھرگے کے ساتھ کانگریس کے جنرل سیکریٹری جے رام رمیش نے بھی وزیر داخلہ امیت شاہ کےبیان کا مطالبہ کیا۔
جے رام رمیش نے اس تعلق سے مزید کہا کہ انڈیا اتحاد کے ممبران پارلیمان کا یہ مطالبہ ہے کہ وزیر داخلہ امیت شاہ ۱۳؍ دسمبرکو پارلیمنٹ میں ہونے والے اس سنگین واقعے پر لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں بیان دیں۔لوک سبھا میں اس دن کچھ مشتبہ ملزمین نے دخل اندازی کی جنہیں بی جے پی کے ایم پی پرتاپ سمہا کی وجہ سے داخل ہونے کی اجازت دی گئی تھی ۔وزیر داخلہ ایسے معاملے پر بیان دینے سے گریز کر رہے ہیں جو سنگین تحفظ کا معاملہہے۔ ان کے بیان دینے سے گریز کرنے کی وجہ سے آج لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی کارروائی ۲؍ بجے ہی ملتوی کر دی گئی ۔