لندن میں امریکی سفارتخانے کے قریب مشتبہ پیکیج میں دھماکہ، گیٹویک ایئرپورٹ خالی کرایا گیا، برطانیہ میں سیکیورٹی الرٹ
لندن، 23/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)لندن میں جمعہ کے روز امریکی سفارتخانے کے قریب ایک پیکیج میں دھماکہ ہونے سے افرا تفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔ لندن کی میٹروپولیٹن پولیس نے اس دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ نائن ایلمس کے علاقے میں امریکی سفارتخانے کے نزدیک پیش آیا، جہاں ایک کنٹرولڈ دھماکہ کیا گیا تھا۔ پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق علاقے میں ایک مشتبہ پیکیج ملنے کی خبر ملی تھی، اور پھر اس پیکیج میں دھماکہ ہوا جس کے بعد پورے علاقے میں سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ برطانیہ میں الرٹ کا اعلان کر دیا گیا ہے اور مصروف ترین گیٹویک ایئرپورٹ کو خالی کرایا گیا ہے۔ گیٹویک ایئرپورٹ پر ایک افرا تفری والا ماحول دیکھا جا رہا ہے، کیونکہ وہاں لوگوں کو اس قدم کی وجہ نہیں بتائی جا رہی ہے۔
اس درمیان لندن میں امریکی سفارتخانہ نے کہا کہ ’’مقامی افسران لندن مین امریکی سفارتخانہ کے باہر ایک مشتبہ پیکیج کی جانچ کر رہے ہیں۔ میٹ پولیس موجود ہے اور احتیاط کے طور پر پونٹن روڈ کو بند کر دیا گیا ہے۔‘‘ ایک خبر رساں ایجنسی کے مطابق پولیس نے بتایا کہ دھماکہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا ہے، لیکن احتیاطاً سفارتخانہ کے مغربی حصے کی ایک سڑک بند کر دی گئی ہے۔ لندن کی میٹروپولیٹن پولیس سروس کا کہنا ہے کہ وہ حادثہ کی جانچ کو آگے بڑھا رہی ہے۔
برطانیہ کے دوسرے سب سے مصروف گیٹویک ایئرپورٹ سے جو خبریں سامنے آ رہی ہیں، اس میں بتایا جا رہا ہے کہ ساؤتھ ٹرمینل میں جمعہ کو ایک ’سیکورٹی حادثہ‘ کے سبب بڑے حصے کو خالی کرایا گیا۔ اس سے ہزاروں مسافر سڑک اور پارکنگ والے علاقوں میں پھنس گئے۔ ایئرپورٹ انتظامیہ نے ’حادثہ‘ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اب بھی اس کی جانچ چل رہی ہے اور اسے جلد از جلد حل کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ ایئرپورٹ انتظامیہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ بھی کیا ہے جس میں کہا ہے کہ ’’ہمارے مسافروں اور ملازمین کی سیکورٹی ہماری اعلیٰ ترجیح ہے۔ ہم اس مسئلہ کو تیزی سے سلجھانے کی سمت میں کام کر رہے ہیں۔‘‘