بھٹکل : مرڈیشور سمندر میں غرق ہونے کے دوران لائف گارڈ کی پہنچی مدد؛ نوجوان کو بچاکر داخل کیا گیا اسپتال؛ حالت نازک
بھٹکل25 اکتوبر (ایس او نیوز) معروف سیاحتی مقام مرڈیشور میں لائف گارڈس کے اہلکاروں نے آج پھر ایک سیاح کو سمندر میں غرق ہونے کے دوران بچالیا اور اسے سمندر سے باہرنکالتے ہوئے قریبی اسپتال پہنچادیا۔ نوجوان کی شناخت ہاسن کے رہنے والے منوج (24) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
پتہ چلا ہے کہ ہاسن کے ہنمنتا پورا سے سا ت لوگوں پر مشتمل ایک گروپ آج بدھ صبح مرڈیشور پہنچا تھا، دوپہر قریب تین بجے ساتوں سمندر میں تیرنے کے لئے اُترگئے، اس دوران منوج کو سمندرمیں تیرنے کے دوران اچانک فٹس ہوگیا اور وہ سمندر میں ہی بے ہوش ہوکر غوطے کھانے لگا، لائف گارڈس کے اہلکاروں کی جیسے ہی اس پر نظر پڑی، یہ لوگ فوری اس کی مدد کو پہنچ گئے اور اسے سمندر سے زندہ سلامت باہر نکالنے میں کامیاب ہوگئے۔ کافی پانی جسم کے اندرداخل ہو جانے کی وجہ سے اس کی حالت بگڑ گئی تھی ، لائف گارڈس والوں نے ہی اسے اُلٹا اور سیدھا کرتے ہوئے پانی باہر نکالا اور پھر سیدھے قریبی پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا۔
بتایا گیا ہے کہ اس کی حالت کافی نازک ہے اور پرائیویٹ اسپتال کے انتہائی نگہداشت والے کمرے (آئی سی یو) میں رکھا گیا ہے۔
اسے بچانے والے لائف گارڈس کے اہلکار چندرشیکھر دیواڑیگا، جئے رام ہری کانتھ اور ہنومنتپّا سمیت بیچ سُپروائزر دتاتریا شٹی شامل ہیں، لایف گارڈس اہلکاروں نے بتایا کہ اوشین ایڈونچر بوٹ کی مدد سے اسے بچانا ممکن ہوسکا۔