بند کی آواز پر بھٹکل میں تھم گئی روزمرہ کی زندگی؛ اسکول اور کالج سمیت کاروباری ادارے بند؛ جالی بیچ پر نظر آیا کرفیو جیسا سماں

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 15th October 2024, 8:21 PM | ساحلی خبریں |

بھٹکل 15 اکتوبر (ایس او نیوز): آج بھٹکل میں ایک تاریخی بند منایا گیا جس میں پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی شان میں گستاخانہ بیان دینے والے یتی نرسنگھا نند سرسوتی کو یو اے پی اے ایکٹ کے تحت فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ مسلمانوں کی جانب سے مکمل طور پر دکانیں، کاروباری ادارے، اسکولز اور کالجز بند رہے، اور  قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کی قیادت میں  احتجاجی بند کے موقع  پر انتہائی اشد ضرورت کے علاوہ کوئی گھرسے باہر نہیں نکلا اور مسلمانوں  نے اپنے گھروں سے  باہر نکلے بغیر ہی بھٹکل  بند کو مکمل کامیاب بنایا۔

بھٹکل مین روڈ، چوک بازار، محمد علی روڈ، کار اسٹریٹ، سلطان اسٹریٹ، فاروقی اسٹریٹ، شمس الدین سرکل، بندر روڈ، ساگر روڈ، نوائط کالونی، مدینہ کالونی، جالی روڈ، جامعہ آباد روڈ، عمر اسٹریٹ وغیرہ تمام علاقوں کی دکانیں بند رہیں۔ بعض جگہوں پر غیر مسلموں کی چند دکانیں کھلی نظر آئیں۔ مرڈیشور میں نوائط کیری، نیشنل روڈ اور نور کالونی کی دکانیں بھی بند رہیں، اور مسلمانوں نے حضرت محمد ﷺ کے ساتھ اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کیا۔

تنظیم کی اپیل پر منکی میں بھی مسلمانوں نے دکانیں اور کاروباری ادارے بند رکھے۔ نوائط محلہ، ہلے مٹ روڈ، عثمانیہ اسٹریٹ، بازار روڈ، باشہ کالونی اور دیگر علاقوں میں بھی بند کا مکمل اثر دیکھنے کو ملا۔

اگرچہ بھٹکل کی اولڈ مچھلی مارکیٹ کھلی رہی، لیکن خریدار نہ ہونے کے باعث مچھلی فروش انتظار کرتے رہے۔ مسلم رکشہ ڈرائیوروں نے بھی بند کی حمایت میں اپنی خدمات معطل کر رکھی تھیں، جبکہ سڑکوں پر چلنے والے رکشوں میں مسافروں کی کمی نظر آئی۔

بازار اور مارکیٹ، جہاں عام طور پر گہماگہمی رہتی ہے، آج سنسان نظر آئے۔ نیشنل ہائی وے اور شہر کی اندرونی سڑکوں پر ٹریفک معمول کے مطابق نہیں تھا، اور شہر کا پورا نظام تھما ہوا محسوس ہوا۔

بھٹکل کے معروف سیاحتی مقام جالی بیچ پر عام طور پر شام کے وقت سیاحوں کا رش ہوتا ہے، مگر آج وہاں کا منظر بالکل ویران اور گویا کرفیو کی کیفیت پیش کر رہا تھا۔ بلند ہوتی سمندری لہریں بھی آج خاموشی سے یہ سوال کرتی نظر آئیں کہ یہاں کی رونقیں کہاں چلی گئیں؟

پولیس کی گاڑیاں مختلف علاقوں میں گشت کر رہی تھیں، اور اہم مقامات پر پولیس کا بندوبست بھی کیا گیا تھا۔ تنظیم اور فیڈریشن کے نوجوان حالات پر نظر رکھے ہوئے تھے اور اپنے اپنے علاقوں میں چوکسی برت رہے تھے۔

واضح رہے کہ کل پیر کے روز مجلس اصلاح و تنظیم کی قیادت میں ہزاروں افراد نے یتی نرسنگھا نند کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے منی ودھان سودھا کے باہر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا تھا، اور مظاہرے سے قبل بھٹکل ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں یتی نرسنگھا نند کے خلاف یو اے پی اے اور این ایس اے کے تحت کارروائی کے لیے ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔

ایک نظر اس پر بھی

کمٹہ میں 30 فٹ گہری کھائی میں گر گئی کار - بال بال بچ گئے مسافر

کیرالہ سے تعلق رکھنے والے تین افراد جب مہاراشٹرا کے کیرالہ کی طرف سفر کر رہے تھے تو کمٹہ کے قریب نیشنل ہائی وے 66 پر ان کی کار بے قابو ہو کر قریب میں واقع  30 فٹ گہری کھائی میں گر گئی مگر خوش قسمتی سے اس میں موجود تینوں افراد جسمانی نقصان سے محفوظ رہے ۔

شمالی کینرا ضلع ایس پی کا اہم اقدام - تمام خفیہ ایجنسیوں کے ساتھ تال میل کے لئے مشترکہ میٹنگ کا انعقاد

  ملکی سالمیت اور سلامتی سے متعلقہ کئی اہم منصوبے ضلع شمالی کینرا میں موجود ہونے کی وجہ سے یہاں پر ملکی اور ریاستی سطح کی مختلف خفیہ تحقیقاتی ایجنسیاں سرگرم رہتی ہیں مگر ان کے درمیان کوئی مستحکم آپسی تال میل نہ ہونے کی وجہ سے بہت سے معاملات میں بیک وقت اور موثر کارروائی انجام ...