اطاعت امیر ایک اہم ایمانی تقاضہ: مفتی سہراب
پٹنہ:28؍نومبر(ایس او نیوز)اطاعت ایک اہم ایمانی تقاضہ ہے،اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک میں ایمان والوں کو مخاطب کرتے ہوئے اپنی اوراپنے رسولوں کی اطاعت کے ساتھ دینی امیر کی اطاعت کا حکم دیاہے، اوراللہ کے رسول ﷺ نے فرمایاکہ جس نے اپنے امیر کی اطاعت کی اس نے میری اطاعت کی اورجس نے اپنے امیر کی تابعداری نہیں کی اس نے گویامیری پیروی نہیں کی۔
امیر شرعی کی اطاعت اوران کی تابعداری ایک اہم ایمانی ذمہ داری کی حیثیت رکھتی ہے،بہار،اڈیشہ وجھارکھنڈ کے مسلمان خوش نصیب ہیں کہ اللہ نے انہیں امارت شرعیہ کی برکت سے ایک امیر شرعی کے سایہ میں زندگی گذارنے کا موقع نصیب فرمایاہے،اورآیت قرآنی کے تقاضہ پر عمل کی توفیق بخشی ہے،یہ ایک عظیم مذہبی نعمت ہے۔
اس لئے ہرمسلمان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے امیر شریعت کی مکمل تابعداری اوران کے احکام کی بجاآوری کے لئے عملی طورپر تیارر ہے، ایک امیر کی ماتحتی میں دینی زندگی گذارنے سے اجتماعی قوت بھی حاصل ہوگی اور دینی امور کو منظم اوربہتر طورپر انجام دینا بھی آسان ہوگا،ان خیالات کااظہار امارت شرعیہ کے نائب ناظم اوروفد کے قائد مفتی محمد سہراب ندوی صاحب نے رات استاجوڑا ضلع دمکا میں ایک بڑے اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہاکہ امارت شرعیہ کے موجودہ امیر شریعت مفکراسلام حضرت مولانا سید محمد ولی رحمانی صاحب مدظلہ کی ہدایت کے مطابق یہ دعوتی قافلہ آپ کی آبادی میں آیا ہے،آپ کی دینی ذمہ داری ہے کہ آپ کے کانوں تک حضرت امیر شریعت کا جو پیغام پہونچایا جارہاہے آپ اسے عملی طورپر اپنی زندگی اوراپنے معاشرہ میں نافذ کریں، اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے مولاناعبدالحئی صاحب استاذ دارالعلوم الاسلامیہ امارت شرعیہ نے کہاکہ اس وقت اسلام اومسلمانوں کے خلاف جوفتنے برپا کئے جارہے ہیں ان کا بڑا اثر نوجوان نسلوں پر پڑرہاہے،ضرورت ہے کہ علماء اورائمہ ،والدین اور معاشرہ کے ذمہ دار حضرات نوجوانوں کی دینی واخلاقی تربیت پر توجہ دیں۔
جناب مولانا قمرانیس قاسمی صاحب رئیس المبلغین امارت شرعیہ نے آخرت کی فکر کی ترغیب دلاتے ہوئے نیکی کی راہ اختیار کرنے اوراپنی زندگی میں موجود خرابیوں کو دورکرنے کی تلقین کی،انہوں نے امارت شرعیہ کے خدمات کا جامع تعارف کرایا،جناب مولانا سعیداسعد قاسمی نے موجودہ حالات کے پس منظر میں دینی تعلیم کی ضرورت اور آپسی اتحاد کو مستحکم بنانے کی طرف توجہ دلائی۔
اس سے قبل گنیش پور،کدمہ وغیرہ میں بھی اجلاس کاانعقاد ہوا،بتایا گیا ہے کہ وفد کا یہ دورہ ۳۰؍نومبر تک جاری رہے گا۔