بیوی نے ہی کرایا تھا شوہر کا قتل؛ کمٹہ میں برآمد ہونے والی نامعلوم نعش کے معمہ کو پولس نے کیا حل؛ خاتون اور اُس کا عاشق سمیت چار گرفتار
کمٹہ 5/ اکتوبر (ایس او نیوز) : کمٹہ پولیس نے ایک شخص کے قتل کے الزام میں اُسی کی بیوی اور اُس کے عاشق سمیت چار لوگوں کو گرفتار کرلیا ہے اور قتل کا پورا معاملہ حل کرلیا ہے۔
پولس کے مطابق پورا معاملہ خاتون کے کسی اور کے ساتھ ناجائز تعلقات کو لے کر ہے جس کولے کر شوہر اُس کے لئے رُکاوٹ بناہوا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ خاتون نے عاشق اوردیگر دو لوگوں کو اپنے ہی شوہر کے قتل کی سُپاری دے کر قتل کروادیا۔
یاد رہے کہ 30 ستمبر کو کمٹہ - سرسی ہائی وے پر دیوی منے گھاٹ علاقے میں ماستی مندر کے پیچھے ایک اجنبی شخص کی لاش مشتبہ حالت میں بازیافت ہوئی تھی۔ جائے وقوع پر پہنچنے والے ضلع ایس پی وشنو وردھن، بھٹکل سب ڈیویژن ڈی وائی ایس پی شریکانت اور کمٹہ پولیس ٹیم نے معائنہ کرنے کے بعد اسے قتل کی واردات مان کر تحقیقات شروع کی تھی ۔ لاش کا معائنہ کرنے کے دوران پولیس کو اس شخص کی جیب سے کے ایس آر ٹی بس ٹکٹ دستیاب ہوا تھا ۔ اسی ثبوت کو بنیاد بنا کر پولیس نے تحقیقات کرتے ہوئے پتہ لگایا تھا کہ یہ شخص باگلکوٹ ضلع کے ہوسور گرام کا رہنے والا ہے ۔ اسی زاویے سے تفتیش کو آگے بڑھاتے پولیس قاتلوں تک جا پہنچی۔ پولس ذرائع نے بتایا کہ چھان بین کے بعد مقتول کی شناخت بشیر صاب سنکنور کی حیثیت سے کی گئی تھی۔ پولس کی تفتیش سے معلوم ہوا کہ بشیر اور اس کی بیوی کا اکثر جھگڑا ہوتا رہتا تھا۔ پولیس نے مقتول بشیر کی بیوی راجمّا سے جب پوچھ گچھ کی تو معاملہ صاف ہوگیا کہ اس قتل کے پیچھے بیوی راجمّا کا ہی ہاتھ ہے۔ جس نے اپنے عاشق کے ساتھ رنگ رلیاں منانے میں روڑا بننے والے شوہر کو ٹھکانے لگانے کے لئے دس ہزار روپے کی سپاری اپنے عاشق کو دی تھی جس نے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر قتل کی کارروائی انجام دی۔
پولس نے راجمّا کے عاشق گدگ کے رہنے والے پرشورام اور گدگ کے ہی رہنے والے بسوراج سمیت باگلکوٹ کے روی کو گرفتار کرلیا ہے اور عدالتی تحویل میں بھیج دیا ہے۔ اُترکنڑا کے ایس پی وشنووردھن نے کچھ ہی دنوں کے اندر قتل کا معمہ سُلجھانے پر کمٹہ پولس کی ستائش کی ہے۔
دو بچے کہاں جائیں گے : بشیر اور راجمّا کے دو بچے ہیں، بشیر کا انتقال ہوچکا ہے اور راجمّا اپنے ہی شوہر کے قتل کے الزام میں جیل جاچکی ہے، ایسےمیں ان کے دو بچوں کا کیا ہوگا ؟ وہ کن کے ساتھ رہیں گے، یہ بڑا سوال ہے۔