ریاستی حکومت نئے فوجداری قوانین میں ترمیمات پر کررہی ہے غور

Source: S.O. News Service | Published on 2nd July 2024, 12:33 PM | ریاستی خبریں |

بینگلورو 2/ جولائی (ایس او نیوز) مرکزی حکومت کی طرف سے سابقہ فوجداری قوانین کی جگہ جو تین نئے قوانین عمل میں لائے گئے ہیں اس کی مخالفت کرتے ہوئے کرناٹک کی ریاستی حکومت ان نئے قوانین میں اپنی طرف سے ترمیمات لانے اور ریاستی سطح پر قوانین تبدیل کرنے پر غور کر رہی ہے۔
    
وزیر برائے قانون و پارلیمانی معاملات ایچ کے پاٹل نے ایک پریس کانفرنس میں اس پہلو پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جب تک ریاستی حکومت کی طرف سے پیش کیے گئے مشوروں کو اس میں شامل نہیں کیا جاتا، مرکزی حکومت کو ان نئے قوانین بھارتیہ نیائے سنہیتا (بی این ایس)، بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہیتا (بی این ایس ایس) اور بھارتیہ ساکشیا ادھینیم (بی ایس اے) پر تب تک عمل در آمد روک لینا چاہیے۔
    
ایچ کے پاٹل نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سدا رامیا نے قانونی ماہرین پر مشتمل ریاستی ایکسپرٹ کمیٹی کی طرف سے دئے گئے مشوروں کی وضاحت کرتے ہوئے مرکزی حکومت کومراسلہ بھیجا تھا۔ گزشتہ سال اکتوبر میں ریاستی وزیر اعلیٰ نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو ان تینوں نئےقوانین کے سلسلے میں کُل 23 مشورے بھیجے تھے۔ مگر مرکزی حکومت نے پر اس پر کوئی توجہ نہیں دی۔ 
    
وزیر ایچ کے پاٹل نے کہا "اگر مرکزی حکومت عوام کی رائے اور مشوروں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے منظور کیے گئے ان قوانین کے اطلاق کو موخر کرنے کی ریاستی حکومت کی درخواست کو نظر انداز کرتی ہے تو ریاست کرناٹک کی طرف سے اپنے دستوری حقوق کا استعمال کرتے ہوئے ان قوانین میں ترمیمات لائی جائیں گی۔ "
    
نئے قوانین کی چند خامیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے پاٹل نے کہا اس کے تحت حکومت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بھوک ہڑتال کرنا جرم ہے، لیکن بدقسمتی یہ ہے کہ خود کشی کرنا جرم نہیں ہے۔ منظم جرم(آرگنائزڈ کرائم) کی جو تعریف نئے قانون میں کی گئی ہے، وہ مبہم ہے۔ ایسی غیر واضح اصطلاحات کی وجہ سے تحقیقاتی ایجنسیوں کو یکطرفہ فیصلے کرنے کا اختیار ملتا ہے۔  ہم ان نئے قوانین میں موجود اس طرح کی دفعات میں تبدیلی لانے پر غور کر رہے ہیں۔  اس کےعلاوہ سائبر کرائمس، اقتصادی جرائم وغیرہ کے سلسلے میں ریاستی حکومت ان قوانین میں ایک الگ باب لانا چاہتی ہے۔ 
    
وزیر ایچ کے پاٹل نے کہا کہ بی ایس اے قانون کے تحت پولیس کو 90 دنوں تک کسی ملزم کو کسٹڈی میں رکھنے کا اختیار ملتا ہے جو کہ حقوق انسانی کے خلاف ہے۔ اس لئے پولیس کسٹڈی کی مدت کم کرنے کے لئے ترمیم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ پولیس کو کسی ملزم کی جائداد ضبط کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ ہم اس میں اس طرح ترمیم کریں گے کہ صرف عدالت کو ہی جائداد ضبط کرنے کا اختیار رہے۔ 
    
جب وزیر موصوف سے بینگلورو سٹی پولیس کمشنر کے اس بیان کے بارے میں پوچھا گیا جس میں انہوں نے کہا ہے کہ یکم جولائی سے نئے قوانین کا اطلاق ہوگا، تو پاٹل نے جواب دیا کہ "وزیر قانون و پارلیمانی معاملات کی حیثیت سے مجھے نئے قوانین کو ترمیم کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ حالانکہ اب نئے قوانین کے تحت کیس داخل کیے جا رہے ہیں، مگر پولیس کو ریاستی حکومت کی ترمیمات کے بعد نظر ثانی شدہ قوانین پر عمل کرنا ہوگا۔"

ایک نظر اس پر بھی

کانگریس کی انتخابی شکست کی جانچ کرنے کمیٹی قائم کی جا ئے گی، پارٹی کو مضبوط کرنے کیلئے متعدد شعبے قائم کرنے کے پی سی سی عہدیداروں کی میٹنگ میں فیصلہ

نائب وزیر اعلیٰ  اور کے پی سی سی صدر ڈی  کے شیو کمار نے کہا ہے کہ حالیہ لوک سبھا انتخابات میں کانگر یس پارٹی کی توقعات کے برخلاف ناقص مظاہرہ کے اسباب کا جائز ہ  لینے کیلئے جانچ کمیٹی قائم کی جائے گی۔ یہ اعلان پیر کے روز انہوں نے کے پی سی سی دفتر کے بھارت جوڑو آڈیٹوریم میں ...

بھٹکل آنے والی بس شموگہ کے قریب آئینور میں اُلٹ گئی؛ معمولی زخموں کے ساتھ سبھی مسافر محفوظ

شموگہ سے بھٹکل آنے والی  سرکاری بس  ہوس نگر کے قریب  نگرا گھاٹ پر ایک منی لاری سے ٹکراکر اُلٹ گئی  اور ایک آم کے درخت کے سہارے لٹک کر جام ہوگئی جس کے نتیجے میں بس پر سوار تمام  67 مسافر معمولی زخموں کے ساتھ بال بال محفوظ رہ گئے۔ حادثہ  ضلع شموگہ کے آئینور سے آگے  نگرا گھاٹ پر ...

ریاست میں بڑھتا ہوا ڈینگی کا قہر - 6 مریضوں کی موت - 824 افراد متاثر

مانسوں کے موسم کے ساتھ ریاست میں ڈینگی بخار کا قہر بڑھتا جا رہا ہے ۔ چکمگلورو ضلع میں ڈینگی میں مبتلا ایک شخص کی موت کے ساتھ سرکاری ذرائع کے مطابق ریاست میں اس مرض سے مرنے والوں کی تعداد چھ ہوگئی ہے جبکہ بینگلورو میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 824 ہوگئی ہے ۔

وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کی پی ایم مودی سے ملاقات، زیر التوا پانی سمیت مختلف پروجیکٹوں کے لیے فنڈز کا مطالبہ

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارمیا نے ہفتہ  کو نئی دہلی میں پی ایم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ انہوں نے تین بڑے زیر التواء پانی کے پروجیکٹوں کے لیے مرکز سے منظوری طلب کی جس میں میکے داتو پروجیکٹ بھی شامل ہے۔ اس پروجیکٹ  کا مقصد بنگلورو اور آس پاس کے رہائشی علاقوں کو پینے کا پانی فراہم ...