کاروار : رکن اسمبلی ستیش سئیل کو ملی ہائی کورٹ سے راحت - نچلی عدالت کی سزا معطل - جیل سے رہائی کا راستہ ہوا صاف
کاروار، 14 / نومبر (ایس او نیوز) کانگریس پارٹی کے انکولہ - کاروار رکن اسمبلی ستیش سئیل کو اس وقت بڑی راحت ملی جب بیلے کیری سے لاپتہ میگنیز معاملے میں نچلی خصوصی عدالت کی ذریعہ سنائی گئی سزا کو کرناٹکا ہائی کورٹ کی ایک بینچ نے معطل کر دیا اور اسی کے ساتھ ستیش سئیل اور دیگر افراد کی ضمانت بھی منظور کردی۔
خیال رہے کہ منتخب عوامی نمائندوں کے لئے قائم خصوصی عدالت نے 25 اکتوبر کو ستیش سئیل اور دیگر افراد کو بیلے کیری بندرگاہ سے میگنیز لاپتہ ہونے کے معاملے میں مجرم قرار دیتے ہوئے سات سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔
اس سزا کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی گئی تھی جس پر شنوائی کے بعد جسٹس ناگ پرسنا کی بینچ قید کی سزا کو معطل کیا۔ اس کے علاوہ جرمانے کی 25 فی صد رقم معاملے کی سماعت کر رہی عدالت میں جمع کروانے کا حکم دیا۔
اس طرح ایک طرف ایم ایل اے ستیش سئیل کی جیل سے رہائی کا راستہ کھل گیا تو دوسری طرف ستیش کے جیل چلے جانے پر ضمنی انتخاب کے امکانات دیکھتے ہوئے جن لوگوں نے اس سیٹ پر انتخاب لڑنے کی تیاریاں شروع کی تھیں ان کی امیدوں پر پوری طرح پانی پھر گیا۔