کرناٹک اسمبلی میں وزیراعلیٰ سدرامیا نے کہا؛ جنتا دل 'ایس' نہیں جنتا دل 'سی' ہے یعنی جنتادل کمیونل پارٹی !
بنگلورو 23 فروری (ایس او نیوز) بنگلورو کے اساتذہ کے حلقہ سے پانچویں بار جیتنے والے پُٹنّا کی حلف برداری کے بعد خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کہا کہ سیکولر جنتا دل اب جے ڈی "ایس" نہیں بلکہ جے ڈی 'سی' بن گئی ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے جے ڈی ایس کے بھوجے گوڑا سے پوچھا : "کیا آپ جانتے ہیں کہ کویمپو نے کیا کہا ہے؟"
بھوجے گوڑا نے جواب دیا، 'تمام نسلوں کے لیے امن کا باغ' ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہاں وہ بھی ہے ، لیکن کویمپو نے "سرودیا یا سروالی" بھی کہا ہے۔ پھر بھوجے گوڑا نے کویمپو کے بارے میں بات جاری رکھی ۔ اس پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جے ڈی ایس اب بی جے پی کے ساتھ چلی گئی ہے۔ تم وہاں کیا کر رہے ہو؟ اب سیکولر جنتا دل جے ڈی 'ایس' نہیں، جے ڈی 'سی' ہوگئی ہے ۔
اس دوران کانگریس کے ارکان نے فقرہ کستے ہوئے کہا کہ "C" کا مطلب کمیونل، یعنی فرقہ وارانہ ہے ۔
اس کے جواب میں بی جے پی کے روی کمار نے کہا کہ بھوجے گوڑا کو پتہ ہے کہ تم لوگوں سے کچھ نہیں ہوگا اس لئے وہ ہمارے ساتھ آئے ہیں ۔
وزیر اعلیٰ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پٹنا کی جیت لوک سبھا انتخابات کے لیے ایک کمپاس کی طرح ہے۔ اس انتخاب میں ہم کم از کم 20 سیٹیں جیتیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی جھوٹ بول رہی ہے کہ ہم 28 سیٹیں جیتیں گے۔ 25 جیتنے والے ہم لوگوں کے لیے 25 کی جگہ پر 28 کہنے میں کیا حرج ہے؟ ہم جھوٹ نہیں بول رہے ہیں ۔ اس دوران کوٹا سری نواس پجاری نے وزیر اعلیٰ کو چھیڑتے ہوئے کہا کہ آپ اس کے اہل ہیں، اس لئے آپ ہی پارلیمنٹ میں چلے جائیں ۔ اس پر پلٹ وار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کہا کہ میں اسمبلی کے لئے بھی اہل ہوں، پارلیمنٹ کے لئے بھی اہل ہوں اور اگر کوئی انٹرنیشنل پارلیمنٹ ہے تو میں اس کے لئے بھی اہل ہوں ۔