کرناٹک میں وزیر اعلیٰ سدارامیا نے انابھاگیہ اسکیم کی رقم کھاتوں میں راست منتقل کرنے کا آغاز کیا
بنگلورو،11/ جولائی (ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ سدارامیا اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیو کمار نے انا بھاگیہ اسکیم سے استفادہ کرنے والوں کے بینک کھاتوں میں راست ٹرانسفر (DCT) کا آغاز کیا۔ اس موقع پر اس پراجکٹ کے لوگو کا اجراء بھی کیا گیا۔ ودھان سودھا کے کانفرنس ہال میں اس تقریب کو منعقد کیا گیا تھا۔
کانگریس کے وعدے کے مطابق بی پی ایل کا رڈ والوں کے ہر فردکو 10 کلو چاول دئے جانے تھے۔ اس میں سے اب ہر فرد کو ماہانہ 5 کلو چاول دئے جائیں گے اور بینک کھاتوں میں 5 کلو چاول کے 170 روپنے ہر ماہ ٹرانسفر کئے جائیں گے ۔ میسورو اور کولار اضلاع کے چند مستفیدین کے بینک کھاتوں میں رقم ٹرانسفر کر کے اس اسکیم کا آغاز کیا گیا۔ اب اس اسکیم کے آغاز کے بعد ریاست کے تمام مستفیدین کے کھاتوں میں مرحلوں میں رقم منتقل کی جائے گی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سدارامیا نے کہا کہ سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کی قیادت والی مرکزی یو پی اے حکومت نے ملک میں فوڈ سکیورٹی قانون کو نافذ کیا تھا۔ ہم نے اب پہلے ویلیوم میں 5 گارنٹی اسکیموں کو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ہماری پانچ گارنٹیوں میں سے انا بھاگیہ اسکیم بہت ہی اہم ہے ۔ ریاست میں انا بھاگیہ اسکیم سے ایک کروڑ 28 لاکھ کنبوں کو فائدہ پہنچا ہے۔ جبکہ ہم 4.42 کروڑ لوگوں کو مفت چاول فراہم کررہے ہیں نتودیا کے تحت 4.42 کروڑ لوگوں کو فائدہ ہوگا جن میں بی پی ایل کارڈ ہولڈرس بھی شامل ہیں ۔
انہوں نے بتایا کہ ہم نے کہا تھا کہ ہم غریبوں کے ہر فردکو جملہ دس کلو چاول فراہم کریں گے ۔ انہوں نےکہا کہ انا بھاگیہ کوئی نیا پروگرام نہیں ، جب ہم 2013 میں اقتدار پر آئے تھے، اس وقت اس پروگرام کو شروع کیا گیا تھا۔ لوگوں سے جو وعدہ کیا جاتا ہے ، اس کو پورا کرنا چاہئے ۔ انہوں نے بتایا کہ جس دن ہماری حکومت نے حلف اٹھایا اس کے بعد پہلے دن ہی ہم نے 5 گارنٹیوں کو نافذ کر دیا۔ وعدہ کرنے کے بعد لوگوں کے ساتھ دھو کہ نہیں کرنا چاہئے۔