جھارکھنڈ اسمبلی انتخاب: پہلے مرحلے میں 43 نشستوں پر پولنگ مکمل، 683 امیدواروں کا مستقبل ای وی ایم میں محفوظ
رانچی، 14/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) جھارکھنڈ کی 81 اسمبلی سیٹوں میں سے 43 سیٹوں کے لیے آج پہلے مرحلے کی ووٹنگ مکمل ہو گئی۔ خبر لکھے جانے تک حتمی ووٹنگ فیصد سامنے نہیں آیا تھا، لیکن شام 5 بجے تک ریاست میں تقریباً 65 فیصد ووٹنگ کی اطلاع ملی۔ الیکشن کمیشن کے افسران کے مطابق، سب سے زیادہ ووٹنگ 73.21 فیصد لوہردگا ضلع میں ہوئی، جبکہ ہزاری باغ ضلع میں سب سے کم 59.13 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔ ریاست میں پہلے مرحلے کی مجموعی ووٹنگ فیصد 64.86 رہی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق لوہردگا ضلع کے علاوہ سرائے کیلا-کھرساواں ضلع میں 72.19 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ اس کے علاوہ 7 اضلاع میں 65 فیصد سے زیادہ ووٹنگ ہوئی۔ گملا ضلع میں 69.01، سمڈیگا ضلع میں 68.66، کھونٹی ضلع میں 68.36، گڑھوا ضلع میں 67.35، لاتیہار ضلع میں 67.16، مغربی سنگھ بھوم ضلع میں 66.87 اور رام گڑھ ضلع میں 66.32 فیصد ووٹنگ ہوئی ہے۔ اسی طرح مشرقی سنگھ بھوم میں 64.87، چترا میں 63.26، پلامو میں 62.62، کوڈرما میں 62، رانچی میں 60.49 اور ہزاری باغ میں 59.13 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ حالانکہ ووٹنگ فیصد میں اضافہ ہو سکتا ہے، کیونکہ الیکشن کمیشن نے ابھی تک حتمی اعداد و شمار کا اعلان نہیں کیا ہے۔
پہلے مرحلہ میں ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ چمپئی سورین اور سابق رکن پارلیمنٹ گیتا کوڑا جیسے بڑے لیڈران سمیت مجموعی طور پر 683 امیدواروں کی قسمت ای وی ایم میں قید ہو گئی ہے۔ چمپئی سورین سرائے کیلا سیٹ سے بی جے پی کے ٹکٹ پر جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے گنیش مہلی کے خلاف انتخاب لڑ رہے ہیں۔ وہیں گیتا کوڑا جگن ناتھ پور سیٹ سے انتخابی میدان میں ہیں۔ ان کے سامنے کانگریس کے سونا رام سنکو ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ جھارکھنڈ میں دوسرے مرحلے کی ووٹنگ 20 نومبر کو ہوگی جبکہ ووٹوں کی گنتی 23 نومبر کو ہونی ہے۔ پانچ سال قبل 2019 کے انتخاب میں جے ایم ایم نے 30 سیٹیں جیتی تھیں جبکہ بی جے پی کو 25 سیٹوں پر کامیابی ملی تھی۔ جے ایم ایم کی قیادت والی اتحاد نے 47 نشستوں کے ساتھ اکثریت حاصل کی تھی۔ جے ایم ایم کے ساتھ اتحاد میں کانگریس اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) شامل ہیں۔