بھٹکل 24/ نومبر (ایس او نیوز) پاسپورٹ پر اپنے خاندانی لقب کے ساتھ مکمل نام نہ رہنے کی صورت میں ہندوستان سے دبئی اور یو اے ای کے دیگر شہروں میں آنے جانے والے مسافروں کے لئے مشکل کھڑی ہوگئی ہے ، کیونکہ حکومت نے ایسے مسافروں کو دبئی میں داخلہ نہ دینے کا قانون جاری کیا ہے ۔
اسی بیچ متحدہ عرب امارات کے اس قانون کو ایئر انڈیا ایکسپریس ، انڈیگو اور دیگر ہوائی کمپنیوں نے لاگو کردیا جس کے بعد دبئی جانے کے خواہشمند کئی مسافروں کو منگلورو ایئر پورٹ سے واپس لوٹنا پڑ رہا ہے ۔ ہوائی سفر کی دستاویزی ضروریات پوری کرنے والی ٹریویل ایجنسیوں نے بھی مسافروں کو اس مشکل سے آگاہ کیا ہے اور مسافروں سے کہا ہے کہ بعض الجھنوں کے سلسلے میں مزید وضاحت ہونے تک کچھ دنوں کے لئے سفر ملتوی کریں اور اپنے دستاویزات میں نئی تبدیلی کرنے سے قبل مزید وضاحت سامنے آنے کا انتظار کریں ۔
امارات کا یہ نیا قانون صرف ان مسافروں کے لئے ہے جو ہندوستان سے وزٹ یا ٹورسٹ ویزا پر دبئی جانا چاہتے ہیں ۔ اور جن کے پاس ایمپلائمنٹ یا ریسیڈنس ویزا ہے وہ لوگ اس قانون سے باہر رہیں گے ۔